اشوک گہلوت نے راہل گاندھی کے حالیہ کامیاب امریکی دورہ پر ان کی تعریف کی اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا جو راہل کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گہلوت نے کہا کہ اپنی کوششوں کو ناکام ہوتا دیکھ بی جے پی اتنی مایوس اور مزید جارحانہ ہوگئی ہے۔
EPAPER
Updated: September 13, 2024, 5:28 PM IST | Inquilab News Network | Jaipur
اشوک گہلوت نے راہل گاندھی کے حالیہ کامیاب امریکی دورہ پر ان کی تعریف کی اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا جو راہل کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گہلوت نے کہا کہ اپنی کوششوں کو ناکام ہوتا دیکھ بی جے پی اتنی مایوس اور مزید جارحانہ ہوگئی ہے۔
راجستھان کے سابق وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے جمعہ کو راہل گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں پارٹی، سابق کانگریس صدر اور لوک سبھا اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے کامیاب امریکی دورے سے گھبرا گئی ہے اس لئے ان کے متعلق افواہیں پھیلا رہی ہیں۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ گزشتہ ۲۰-۱۵ برسوں سے بی جے پی راہل گاندھی کو بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہے اس کے باوجود راہل ملک کی امیدوں کا مرکز بن گئے ہیں۔ اپنی کوششوں کو ناکام ہوتا دیکھ بی جے پی اتنی مایوس اور جارحانہ ہوگئی ہے کہ قومی راجدھانی نئی دہلی میں اس کے لیڈران، کھلے عام، راہل کو مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
گہلوت ایک بی جے پی لیڈر ترویندر سنگھ ماروا کی طرف اشارہ کررہے تھے۔ کانگریس کے میڈیا اور پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ترویندر سنگھ ماروا کا ایک ویڈیو شیئر کیاتھا جس میں وہ کہہ رہے ہیں، "راہل گاندھی، باز آجا۔ نہیں تو آنے والے وقت میں تیرا بھی وہی حال ہوگا جو تیری دادی کا حال ہوا۔"
یہ بھی پڑھئے:جنین:اسرائیلی چھاپوں سے ۳۵؍ ہزار فلسطینیوں کیلئے پانی کی سپلائی تباہ ہو گئی ہے: یو این
گہلوت نے مزید کہا کہ ایسے بیانات پر پارٹی صدر جے پی نڈا کی خاموشی حیران کن ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی آئین کو تبدیل اور ریزرویشن ہٹانا چاہتی تھی لیکن عوام نے اس کو حالیہ قومی انتخابات میں خوب سبق سکھایا ہے۔ اس کے باوجود بی جے پی جھوٹ بولنے سے باز نہیں آرہی ہے۔
ریزرویشن کی حد کو ۵۰ فیصد سے بڑھانے کی تجویز پر گہلوت نے راہل گاندھی کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں برابری لانے کیلئے یہ اقدام ضروری ہے۔ راہل گاندھی سماج میں برابری لانے کیلئے لڑ رہے ہیں اور وہ ریزرویشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کے بی جے پی کے ارادے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی دورے کے درمیان راہل گاندھی نے ایک یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ کانگریس، ہندوستان میں ریزرویشن کو تب ہی ختم کرے گی جب ملک میں سبھی برابر ہوں گے۔ راہل کے اس بیان پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی نے ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ گمراہ کن اور بے بنیاد بیانات سے ملک کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں۔