• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ڈونالڈٹرمپ پرحملےکی چہار سو مذمت

Updated: July 15, 2024, 1:24 PM IST | Agency | Washington

عالمی لیڈروں نے سابق امریکی صدر ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر ان سے ہمدردی کا اظہار کیااور تشددکی مذمت کی۔

Donald Trump was injured in an election rally in Butler, Pennsylvania. Photo: PTI/AP
پینسلوینیا کےعلاقے بٹلر کی انتخابی ریلی میں زخمی ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر : پی ٹی آئی/ اے پی

سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی عالمی لیڈروں نے مذمت کی ہے۔ خیال رہے کہ سنیچر کی شام کو ڈونالڈ ٹرمپ پینسلوینیا کے علاقے بٹلر میں انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ ان پر فائرنگ ہوئی۔ اس دوران گولی سابق صدر کے دائیں کان کے اوپر کے حصے کو چھو کر گزری۔ حملے میں سابق صدر محفوظ رہے لیکن ان کے کان پر زخم آیا ہے۔ 
  اس حملے پر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے حیرت اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ ہماری سوسائٹیز میں کسی بھی قسم کے سیاسی تشدد کی اجازت نہیں ہے اور میری ہمدردیاں ان تمام افراد کیلئے ہیں جو اس حملے میں متاثر ہوئےہیں۔ ‘‘
 چین کےصدر شی جن پنگ نے ٹرمپ پر ہونے والے قاتلانہ حملے پر ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے، ’’ چین سابق صدر پر ہونے والے حملے سے متعلق صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ‘‘
  پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا، ’’میں سیاست میں ہر قسم کے تشدد کی مذمت کرتاہوں اور سابق صدر کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔ ‘‘پاکستان کے صدر زرداری نے کہا، ’’ ڈونالڈ ٹرمپ پر حملے سےگہرا صدمہ پہنچا ہے اور سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: معروف چینل بی بی سی ارتھ نےمزین مختار اورپرمیتا شرما کو اگلا ’ارتھ چمپئن‘ نامزد کیا

جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا نے کہا، ’’کسی بھی قسم کا تشدد جو جمہوریت کو چیلنج کرتا ہے، اس کے خلاف ثابت قدمی سے کھڑے ہونا چاہئے۔ ‘‘انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’میں سابق صدر ٹرمپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ ‘‘
 ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان نے کہا، ’’اس مشکل گھڑی میں میری نیک خواہشات اور دعائیں صدر ٹرمپ کے ساتھ ہیں۔ ‘‘
 کینڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا، ’’سیاسی تشدد کسی بھی صورت میں قابل نہیں ہے۔ ‘‘
 یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہےکہ انہیں  سابق صدر پر ہونے والی فائرنگ کے بارے میں جان کر حیرانی ہوئی اور وہ ٹرمپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا، ’’ اس طرح کے تشدد کا دنیا میں کہیں بھی کوئی جواز نہیں ہے اور نہ کوئی جگہ ہے۔ ‘‘
 اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا، ’’میں پینسلوینیا سے آنے والی خبریں دیکھ رہی ہوں اور ٹرمپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ‘‘
 اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ڈونالڈ ٹرمپ پر حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔ نیتن یاہو نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’’میں اور میری اہلیہ سارہ سابق امریکی صدر ٹرمپ پر حملے سےحیران ہیں۔ ہم ان کی حفاظت اور جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔ ‘‘
 ناٹو کے سیکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ نے سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر مہلک حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ اسٹولٹن برگ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق صدر کے قتل کی کوشش کے واقعے سے حیرت میں ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ناٹو کے اتحادی ہماری آزادیوں اور اقدار کے دفاع کیلئے ایک ساتھ کھڑے ہیں، میں سابق صدر ٹرمپ پر قاتلانہ حملے سے حیران ہوں۔ میں ان کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کرتا ہوں اور میری ہمدردی متاثرہ افراد کے ساتھ ہے۔ میں اس حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ ہماری جمہوریتوں میں سیاسی تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ‘‘
 یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے اتوار کو کہا کہ وہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش سے حیرت زدہ ہیں۔ لیین نے ایکس پر لکھا، ’’میں سابق صدر ٹرمپ کی انتخابی ریلی میں ہونے والی فائرنگ سے بہت صدمے میں ہوں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK