سابق رکن اسمبلی بابا گورکھ ناتھ نے یو گی سے ملاقات کی، وزیر سوریہ پرتاپ شاہی اور سوتنتر دیو سنگھ خود ان کے گھر گئے اور ملاقات کی۔
EPAPER
Updated: January 21, 2025, 1:12 PM IST | Agency | Ayodhya
سابق رکن اسمبلی بابا گورکھ ناتھ نے یو گی سے ملاقات کی، وزیر سوریہ پرتاپ شاہی اور سوتنتر دیو سنگھ خود ان کے گھر گئے اور ملاقات کی۔
بی جےپی نے چندر بھان پاسوان کو ایودھیا کی ملکی پور سیٹ سے میدان میں اتارا ہے لیکن اس فیصلے سے پارٹی میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ بی جے پی کے سابق ایم ایل اے بابا گورکھ ناتھ ناراض بتائے جاتے ہیں۔ چندر بھان پاسوان کی نامزدگی کے دوران بھی وہ نظر نہیں آئے تھےلیکن اب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ان کی تصویر سامنے آئی ہے جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ انتخابات سے پہلے ہی یہ مسئلہ حل کر لیا گیا ہے۔ واضح رہےکہ ملکی پور سیٹ سے بی جے پی کے بابا گورکھ ناتھ سب سے بڑے دعویدار تھے لیکن پارٹی نے اجیت پر ساد کیخلاف رودھولی کے چندر بھان پاسوان کو ٹکٹ دیاجس پر پارٹی کے ایک بڑے حلقے نے عدم اطمینان کاا ظہار کیا جس پر بی جے پی نے باغیوں کو منانا شروع کر دیا ہے۔ وزیر سوریہ پرتاپ شاہی اور سوتنتر دیو سنگھ خود بابا گورکھ ناتھ کے گھر گئے اور ان سے ملاقات کی۔
ناراضگی کی خبروں کے درمیان بابا گورکھ ناتھ سنیچر کو لکھنؤ پہنچے جہاں انہوں نےوزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی۔ ان دونوں کی تصاویر بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ہیڈ ماسٹر کی کوششوں سے ایک سرکاری اسکول کی صورت بدل دی گئی ہے
وزیراعلیٰ یوگی کے دفتر نے اسے معمول کی ملاقات قرار دیا ہے لیکن مانا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی نے ان سے بات چیت کرکے مسئلہ حل کر لیا ہے۔ پارٹی نہیں چاہتی کہ ان کی ناراضگی کا ملکی پور انتخابات پر اثر پڑے۔
دراصل لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد ملکی پور سیٹ بی جے پی کیلئے وقار کا مسئلہ بن گئی ہے۔ یہاں بابا گورکھ ناتھ کا خاص اثرو رسوخ ہے۔ ۲۰۱۷ء کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے سماجوادی پارٹی کے اودھیش پرساد کوشکست دی تھی۔ ۲۰۲۲ءکے اسمبلی انتخابات میں بھی انہوں نے سخت مقابلہ کیا تھا اور۱۳؍ہزار ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔ ایسے میں اس سیٹ کیلئے انہیں سب سے مضبوط دعویدار سمجھا جارہا تھا۔
یادرہےکہ ملکی پور اسمبلی سیٹ کی ذمہ داری ریاست کےوزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے خود لی ہے۔ وہ اس سیٹ پر کامیابی کیلئے مختصر وقفے میں کئی مرتبہ ملکی پور حلقے کا دورہ کر چکےہیں۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ملکی پو ر سیٹ پر ان کی کامیابی یقینی ہے جبکہ سماجودای پارٹی بھی اسی طرح کے دعوے کر رہی ہے۔