• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آذربائیجان ایئرلائنز حادثہ: دعا کرنے والا مسافر محفوظ، ویڈیوز وائرل

Updated: December 26, 2024, 7:07 PM IST | Inquilab News Network | Astana

حادثہ کی فوٹیج میں طیارے کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے جس سے سیاہ دھواں آسمان کی طرف اٹھ رہا ہے۔

Photo: INN
تصویر: ائی این این

آذربائیجان ایئرلائنز کے ہوائی جہاز کے حادثے سے قبل اور بعد کے لمحات مسافروں نے اپنے موبائل فونز میں قید کر لئے۔ ان ویڈیوز کی کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ انٹرنیٹ صارفین بڑے پیمانے پر اسے شیئر کررہے ہیں۔ 

قازقستان میں گر کر تباہ ہونے والے طیارے کے کیبن کے اندر ایک مسافر کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ایک دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں تباہ ہونے والے طیارے کے آخری لمحات کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں، جب طیارے کا رخ نیچے کی طرف ہو جاتا ہے تو مسافر کو "اللہ اکبر" کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔ پیلے رنگ کے آکسیجن ماسک سیٹوں پر لٹکتے ہوئے ہیں۔ `سیٹ بیلٹ پہننے` کی روشنی کی گھنٹی جیسی آواز کے درمیان چیخنے اور رونے کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔ ایک منٹ ۲۹ سیکنڈ کی اس ویڈیو کلپ میں زندہ بچ جانے والے شخص کو حادثہ سے چند لمحوں قبل اللہ سے دعا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں، ایک داڑھی والا شخص ٹوپی پہنے سکون سے "اللہ اکبر" کا ورد کر رہا ہے۔

ایسا لگتا ہے کہ یہ ویڈیو اس کی بیوی کے لئے ریکارڈ کی گئی تھی۔ بعد میں، وہی شخص طیارے کے ملبے سے دور چلتا ہوا نظر آتا ہے اور ایک مسکراہٹ کے ساتھ ہاتھ کے ذریعہ "اوکے" کا اشارہ کرتا ہے۔ اس کے چہرے پر صرف معمولی خراشیں تھیں۔ اس کی معجزانہ طریقہ سے زندہ بچ نکلنے کے بعد انٹرنیٹ صارفین اللہ کا شکر ادا کر رہے ہیں۔ حادثے کی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ طیارہ شعلوں کی لپیٹ میں ہے، جس کے بعد سیاہ دھواں آسمان کی طرف اٹھ رہا ہے۔ 

طیارے کے کیبن کے اندر شوٹ کی گئی ایک اور ویڈیو میں مسافروں کو مدد کے لئے چیختے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کچھ مسافروں کے بازوؤں پر خون کے دھبے نظر آ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو واضح طور پر طیارہ کریش ہونے کے بعد ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

 واضح رہے کہ آذربائیجان ایئرلائنز کی مسافر بردار پرواز J2-8243 نے بحیرہ قزوین Caspian Sea کے مغربی ساحل پر واقع آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے جنوبی روس میں چیچنیا کے شہر گروزنی کے لئے پرواز بھری تھی۔ بحیرہ قزوین کے مشرقی ساحل پر تیل اور گیس کے مرکز اکتاؤ کے قریب ہوئے اس حادثے میں ۳۸ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔ طیارے میں ۶۴ مسافروں اور عملے کے ۵ ارکان سمیت ۶۹ افراد سوار تھے۔آذربائیجانی حکام نے بتایا کہ اس حادثہ میں ۳۲ مسافر کی جانیں محفوظ رہیں۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف نے جمعرات کو قومی سوگ کا اعلان کیا اور سابق سوویت ممالک کے گروپ، کامن ویلتھ انڈیپینڈنٹ اسٹیٹس (سی آئی ایس) کے رہنماؤں کے غیر رسمی سربراہی اجلاس کے لئے روس کا دورہ منسوخ کر دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: شام: حکومت کے سامنے عوام کی بکھری زندگیوں کی تعمیر نو کا چیلنج، طبی نظام بھی توجہ کا محتاج

قازقستان کی ہنگامی صورتحال کی وزارت نے بیان دیا کہ طیارہ کریش ہونے کے بعد لگی آگ پر اس کے عملہ نے قابو پالیا ہے۔ وزارت صحت نے کہا کہ قازقستان کے دارالحکومت استانا سے ماہر ڈاکٹروں کا ایک دستہ ایک خصوصی پرواز کے ذریعہ زخمیوں کے علاج کے لئے بھیجا گیا ہے۔ روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ایک نیوز کانفرنس کو بتایا کہ ولادیمیر پوتن نے علیئیف کے ساتھ فون پر بات چیت کی اور "حادثے کے سلسلے میں اپنی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔" صدر پوتن نے بعد میں سینٹ پیٹرزبرگ میں سی آئی ایس کے رہنماؤں کے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ روس کی ہنگامی حالات کی وزارت کے ذریعہ طبی عملہ اور دیگر سامان اکتاو بھیجا گیا ہے۔ قازقستان نے مزید بتایا کہ اس نے حادثہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK