• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بابا صدیقی کے قتل سے مہاراشٹر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوال

Updated: October 14, 2024, 10:51 AM IST | Agency | New Delhi

ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی نے اسے نظم ونسق کی مکمل ناکامی کا مظہر بتایا، اویسی نے بھی ریاستی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

Asaduddin Owaisi. Photo: INN
اسد الدین اویسی۔ تصویر : آئی این این

مہاراشٹر کے سابق وزیر اور حکمراں محاذ میں شامل این سی پی کے سینئر لیڈر بابا صدیقی کے بہیمانہ قتل نے ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اورلوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بابا صدیقی کے قتل پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ریاست میں نظم ونسق کی مکمل ناکامی کا مظہر قرار دیا۔ مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اویسی نے بھی اپنےبیان میں اس کی تائید کی اور شندے حکومت پر الزام لگایا کہ اسے صرف عوام کی سلامتی کی کوئی فکر نہیں وہ صرف اقتدار بچانے کیلئے فکر مند ہے۔ 
 ملکارجن کھرگے  نے بابا صدیقی کے انتقال پر اظہار تعزیرت کرتے ہوئے کہاکہ’’غم کی اس گھڑی میں، میں ان کے خاندان، دوستوں اور حامیوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انصاف کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور مہاراشٹر حکومت کو مکمل طور پر شفاف تحقیقات کا حکم دینا چاہئے اور مجرموں کو جلد از جلد سزا ملنی چاہئے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے:بابا صدیقی سپرد خاک، جم غفیر اُمڈا ٓیا، قتل کی جانچ کیلئے ۱۵؍ ٹیمیں تشکیل

کھرگے نے ریاستی حکومت کو آڑے ہاتھوں  لیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ بہت واضح  ہے کہ مہاراشٹر میں لاء اینڈآرڈر پوری طرح فیل ہو چکا ہے۔ ‘‘انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے الیکشن  میں مہاراشٹر کے عوام حکومت کو اس کی سزا دیں گے۔ راہل گاندھی نے بابا صدیقی  کے اہل خانہ سے تعزیت کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ہولناک واردات مہاراشٹر میں نظم ونسق کی مکمل ناکامی کوظاہر کرتی ہے۔ حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے اور انصاف ہوناچاہئے۔ ‘‘
اسد الدین اویسی نے مرحوم لیڈر کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس ظاہر ہے کہ موجودہ ریاستی حکومت کو عوام کی سلامتی کی کوئی فکر نہیں ہے،ان کی واحد فکر یہ ہے کہ کس طرح  اپنے اقتدار کو بچایا جائے، بابا صدیقی کا قتل ریاست میں قانون کی حکمرانی کے پوری طرح  ناکام ہوجانے کا ثبوت ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK