ریاستی حکومت نے خصوصی بانس شجرکاری مہم کا اعلان کیا ۔ اس کے تحت کسانوں کو فی ہیکٹر۷؍ لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: June 30, 2024, 12:34 PM IST | Agency | Mumbai
ریاستی حکومت نے خصوصی بانس شجرکاری مہم کا اعلان کیا ۔ اس کے تحت کسانوں کو فی ہیکٹر۷؍ لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
بانس (بامبو ) یوں تک کئی کام آتا ہے۔ اسے کثیر الاستعمال درخت کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ بانس اب گلوبل وامنگ سے لڑنے کےبھی کام آئیں گے۔ جی ہاں آپ نے درست پڑھا ۔ مہاراشٹر حکومت کے بجٹ میں ریاست میں بانس کی شجر کاری کا خصوصی منصوبہ پیش کیا گیا ہے جس کے تحت پوری ریاست میں بانس کی خصوصی شجر کاری مہم چلائی جائے گی۔ وزیر مالیات اجیت پوار نے بجٹ میں اعلان کیا کہ ریاست کے کم از کم ۱۰؍ہزار ہیکٹر (تقریباً ۲۵؍ ہزار ایکڑ) رقبے کی زمین پر بانس کی کاشت کی جائے گی۔ اجیت پوار نے یہ اعلان کیوں کیا ؟ اس کی پیچھے ایک خاص وجہ ہے۔ اس وقت ریاست کا درجہ حرارت تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے اور پانی ذرائع محدود ہوتے جارہے ہیں۔ ایسے میں ماہرین کی ایک کمیٹی نے ریاستی حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ریاست کے کم از کم ۱۰؍ ہزار ہیکٹر رقبے پر بانس کی کاشت کروائے تاکہ گلوبل وارمنگ کا اثر کم ہو اور پانی کے ذرائع خشکی کا شکار نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں پانی کی تقسیم کے مرکز پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ، ۴؍ افراد جاں بحق
ریاستی حکومت نے پاشا پٹیل کی قیادت میں ماحولیات سے متعلق ٹاسک فورس تشکیل دی تھی جس نے اپنی سفارشات پیش کی ہیں اور اس کے مطابق بانس گلوبل وارمنگ روکنے میں اہم ہتھیار ثابت ہوتے ہیں۔ چونکہ ان کی شجرکاری نہایت آسان ہوتی ہے ، یہ بہت تیزی کے ساتھ بڑھ بھی جاتے ہیں اور ان کی اونچائی اور ایک ساتھ کئی بانس کے اگنے کی وجہ سے زمین پر سورج کی روشنی نہیں پہنچتی ہے اور یہ آس پاس کا ماحول بھی ٹھنڈا رکھتے ہیں۔ اس لئے ریاستی حکومت کویہ سفارش کی گئی ہے کہ وہ بانس کی کھیتی یا شجر کاری کروائے۔ اجیت پوار کے اعلان کے مطابق ریاست میں بانس کی شجر کاری کے لئے کسانوں کو فی ہیکٹر ۷؍ لاکھ روپے تک دئیے جائیں گے ۔اس کی شروعات نندوبار جیسے پسماندہ ضلع سے کی جائے گی جہاں پر کسانوں کو اس طرح کی فصلوں کی جانب راغب کرنے کی ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے۔ پاشا پٹیل نے حکومت کو جو پریزینٹیشن دیا ہے اس کے تحت انہوں نے بتایا ہے کہ ریاست پر گلوبل وارمنگ کا اثر کم کرنے کے لئے ریاست کے رقبے کا کم از کم ۲۰؍ فیصد جنگلات سے ڈھکا ہوا ہونا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کھیتوں کے علاوہ ریاست کے اہم ایکسپریس ہائی ویز جیسے ممبئی پونے ایکسپریس وے ، ممبئی ناگپور سمردھی ایکسپریس وے ، ممبئی گوا ایکسپرس ہائی وے اور امرائوتی ناگپور ایکسپریس ہائی وے کے اطراف اور کنارے کنارے بھی بانس کی شجر کاری کی ہامی بھری ہے۔