خیموں اور تباہ حال عمارتوں میں مقیم فلسطینیوں پر رات بھر بمباری، ۲۴؍ گھنٹوں میں۴۰؍ سے زائد شہید، شجاعیہ کیمپ پر حملے کے بعد ۶۰؍ ہزار پھربے گھر۔
EPAPER
Updated: June 30, 2024, 11:35 AM IST | Agency | Gaza
خیموں اور تباہ حال عمارتوں میں مقیم فلسطینیوں پر رات بھر بمباری، ۲۴؍ گھنٹوں میں۴۰؍ سے زائد شہید، شجاعیہ کیمپ پر حملے کے بعد ۶۰؍ ہزار پھربے گھر۔
غزہ میں انسانیت کو شرمسار کردینےوالی اپنی حرکتوں کو جاری رکھتے ہوئے سنیچر کو اسرائیل نے پینے کا پانی تقسیم کرنے کے ایک مرکز پر بمباری کردی۔ نتیجے میں پانی لینے کیلئے وہاں قطار میں موجودہ ایک ہی خاندان کے ۴؍ افراد شہید ہوگئے۔ ان میں ایک چھوٹا بچہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ رات بھر رفح کے مختلف علاقوں میں بمباری جاری رہی جس کے نتیجے میں ۴۰؍ سے زائد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل اب پورے غزہ پر بمباری کے نتیجے میں نقل مکانی کرکے رفح پہنچنے والے مظلوم فلسطینیوں کو نشانہ بنارہاہے۔ مذکورہ بے گھر افراد نے کھنڈ میں تبدیل ہوچکی عمارتوں اور عارضی خیموں میں پناہ لے رکھی ہے جنہیں اسرائیلی فوجیں نشانہ بنارہی ہیں۔
اسرائیلی فوج رفح کے شمال مغرب میں اپنے زمینی حملوں اورفوج کی پیش رفت میں تیزی سے اضافہ کررہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے المواسی کے علاقے پر کئی گھنٹوں تک توپوں سے حملہ کیا۔ جس سے اس علاقے میں مقیم بے گھر فلسطینیوں میں ہلاکتیں اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حملے جاری رہنے کے دوران اسرائیلی فوجی گاڑیاں الشقوش کے علاقے اور ریجنل پارک کے جنوب میں پیش قدمی کرتی رہیں۔ جب علاقہ میں موجود فلسطینیوں نے فوجی گاڑیوں کو دیکھا تو وہ اپنے خیمے چھوڑ کر خان یونس کی طرف بھاگنے لگے۔ خان یونس اور رفح کے شہروں تک پھیلا ہوا المواسی کا علاقہ ان محفوظ علاقوں میں شامل تھا جہاں اسرائیلی فوج نےاس نے پہلے فلسطینیوں کو نقل مکانی کرنے پر مجبور کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: خلائی اسٹیشن میں پھنسی ہند نژاد خلاباز سنیتا ولیمز کی واپسی پر تذبذب برقرار
بتایا گیا ہے کہ غزہ کے شمال میں ایک گھر پر اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں ۲؍ بچوں سمیت ۴؍شہری جاں بحق اور ۱۰؍ افراد زخمی ہو گئے۔ غزہ شہر کے مشرق میں الشوعی محلے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں ۔ یہاں اسرائیلی فوج ۲؍روز سے زمینی حملے کررہی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج غزہ میں قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے نتیجے ۴۰؍ فلسطینی شہید اور ۲۲۴؍ زخمی ہو گئے۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ۷؍ اکتوبر سے اب تک جاری اسرائیلی جارحیت میں ۳۷؍ہزار۸۳۴؍ فلسطینی شہید اور ۸۶؍ہزار ۸۵۸؍ زخمی ہوئے ہیں۔
واضح ہوکہ گزشتہ۷؍ اکتوبر سے اسرائیلی قابض افواج غزہ پر تباہ کن جنگ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے کے علاوہ ۲۰؍ لاکھ افراد بے گھرہوچکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا ۷۰؍ فیصد سے زیادہ تباہ ہوچکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی زد میں ہے۔ ادویات، پانی اور خوراک کی قلت کے باعث آئے روز بچوں اور دیگر شہریوں کی اموات کی خبریں آ رہی ہیں جبکہ اسرائیل حملے روکنے کو تیار نہیں ہے۔