Updated: August 15, 2024, 4:08 PM IST
| Banglore
بنگلور میں وپن گپتا نامی ایک ٹیک پروفیشنل ۴؍ اگست سے لاپتہ ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے خاطر خواہ مستعدی کا مظاہرہ نہیں کیا تو وپن کی بیوی سری پرنا دتہ نے سوشل میڈیا پر چند ویڈیوز پوسٹ کرکے عوام سے مدد کی اپیل کی ہے۔ اس کے بعد ڈی سی پی نے معاملے کا نوٹس لیا اور تفتیش کا آغاز کردیا۔
وپن گپتا اور ان کی بیوی سری پرنا دتہ۔ تصویر: آئی این این
بنگلور کی سری پرنا دتہ نامی ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے لاپتہ شوہر وپن گپتا کی تلاش میں فوری مدد کی اپیل کی ہے۔ وپن گپتا ایک ٹیک پروفیشنل ہیں جن کا تعلق لکھنؤ سے ہے۔ وہ ۴؍ اگست سے لاپتہ ہیں۔ ایف آئی آر درج کرنے کے باوجود، سری پرنا نے مقامی پولیس کی جانب سے معمولی پیش رفت کی اطلاع دی ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ وپن رات ۱۲؍ بجکر ۴۲؍ منٹ کے قریب ٹاٹا نگر، کوڈی گہلی سے غائب ہوگیا۔ اس وقت وہ خاکستری جیکٹ اور گہرے سرمئی ٹریک پینٹ میں اپنی سبز رنگ کی کاواسا ننجا پر سوار نظر آئے تھے۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ بغیر کسی بیگ کے گئے تھے نیز انہوں نے اپنے بینک اکاؤنٹ سے ۸ء۱؍ لاکھ روپے نکالے تھے۔ اس کے بعد ان کا فون بند ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کی آزادی کے ۷۷؍ سال اور مسلمان!
سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹس کی ایک سیریز میں، سری پرنا دتہ نے پولیس پر تنقید کی ہے کہ اس نے معاملے میں معمولی پیش رفت کی ہے، اور عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ اس جوڑے کی ۲؍ کم سن بیٹیاں ہیں۔ ۹؍ اگست کو سری پرنا نے اے سی پی اور ڈی سی پی سمیت سینئر پولیس حکام سے رابطہ کیا، لیکن ڈی سی پی نے ان کے معاملے پر زیادہ توجہ نہیں دی۔
تاہم، اطلاعات ہیں کہ سوشل میڈیا پر پوسٹس ڈالنے کے چند گھنٹوں بعد پولیس نے تفتیش میں مستعدی دکھائی ہے۔ وپن گپتا کی نقل و حرکت کا پتہ لگانے کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے۔ ڈی سی پی کے آفیشل اکاؤنٹ نے یقین دلایا ہے کہ وپن کی تلاش جاری ہے۔ علاوہ ازیں، کہا ہے کہ اگر کسی کو اس ضمن میں چھوٹی سی چھوٹی معلومات بھی ہو تو تفتیشی افسر سے رابطہ قائم کرے۔