• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگال: مہنگائی پر کنٹرول کیلئے بازاروں میں چھاپہ ماری

Updated: July 11, 2024, 10:37 AM IST | kolkata

ممتا بنرجی کی ریاست میں سبزیوں اورغذائی اجناس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف حکومتی سطح پر کارروائی کا آغاز، ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے مختلف مارکیٹ میں چھاپہ مارا اور تاجروں کوبلا جواز قیمتیں بڑھانے پرمتنبہ کیا، وزیر اعلیٰ نے قیمتوں میںکمی لانے کیلئے ۱۰؍ دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

A scene from Chief Minister Mamata Banerjee`s meeting with officials on Tuesday
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی حکام کے ساتھ منگل کو منعقدہ میٹنگ کا منظر

مغربی بنگال میں سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خلاف ممتا بنرجی  نے حکومتی سطح پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سبزیوںاور کھانے پینے کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی کیلئے منگل کو حکومت   کے اعلیٰ افسران اور پولیس سپرنٹنڈینٹ اورٹاسک فورس کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی تھی اورمہنگائی پر قابو پانے کیلئے ۱۰؍ دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی ۔ اس میٹنگ میں ممتا بنرجی نے  سبزی ترکاری کی قیمتوں پر قابوپانے میںحکومت کو پوری طرح  ناکام قراردیا۔ممتا بنرجی نے کہا ’’ یہ حقیقت ہے کہ سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیںاو رمرکزی حکومت قیمتوں پرقابو پانے میں مکمل طورپر ناکام ثابت ہوئی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: آٹا، دال، چاول، سبزیاں، ریچارج سب مہنگا

منگل کوہوئی میٹنگ میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی ہدایت کی بنیاد پرریاستی ٹاسک فورس کی ٹیموں نے مختلف بازاروں میں کارروائی کی۔ تاجروں سے قیمتوں کے بارے سوالات کئے ا وروبلا جواز قیمتیں بڑھانے اورذخیرہ اندوزی پر متنبہ کیا۔ٹاسک فورس کی ٹیموں نے کولکاتا کے منیت کلا بازار،گریہاٹ بازار، لیک مارکیٹ اورکانکورگاچی وی آئی پی بازار میں چھاپے مارے۔ٹاسک فورس کی ٹیموں نے آسنسول، دُرگا پور،سیورا پھولی اورسود پور کے مارکیٹس میںبھی  کارروائی کی۔ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ اور پولیس کے اہلکار بھی ٹاسک فورس کے ساتھ ہیں۔اس کے نتیجے میں کئی چیزوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ بتایا جارہا ہے ایک دن کی چھاپہ ماری میںہیں سبزیوں کی قیمتوں میںکافی حد تک کمی آئی ہے۔

 

 آسنسول صدر کے سب ڈویژنل  بسواجیت بھٹاچاریہ نے بدھ کی صبح مغربی بردوان میں کئی بازاروں کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ضلع ایگریکلچرل مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ، زرعی پیمائش محکمہ، آسنسول دُرگاپور پولیس کمشنریٹ کی انفورسمنٹ برانچ کے افسران بھی تھے ۔ مہم کے دوران انہوں نے دیکھا کہ مختلف سبزیوں کی قیمتیں ہول سیل مارکیٹ سے زیادہ ہیں۔ تاجروں کو فوراً وارننگ دی گئی۔ چند تاجروں  پر جرمانہ بھی لگایا گیا۔
 انہوں نے کہا کہ بہت سی دکانوں میں وزنی پیمانہ درست نہیں ہے۔ ایک طرف، تھوک تاجروں کی طرف سے اشیاء کی قیمتیں بہت زیادہ وصول کی جا رہی ہیں  اور وزن میں بھی دھاندلی کی جا رہی ہے، آسنسول مارکیٹ کے علاوہ، عہدیداروں نے ہاٹن روڈ سمیت کئی دیگر بازاروں کا دورہ کیا۔اس کے بعد ان کا دعویٰ ہے کہ مارکیٹ میں کچے اناج کی قیمت بہت کم ہو گئی ہے۔ چند خریداروں نے مسکراہٹ کے ساتھ دعویٰ کیا کہ منگل سے بدھ تک ایک ہی دن میں سبزیوں کی قیمتوں میں کافی کمی آئی ہے۔ ایک خریدار نے بتایا کہ بینگن۱۲۰؍ روپے فی کلو تھا، بدھ کو۷۰-۸۰؍روپے پر آگیا۔ پرول۶۰؍روپے فی کلو فروخت ہو رہی تھی،بدھ کو اس کی قیمت ۴۰؍روپےکر دی گئی ۔ ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ بارش کی وجہ سے موسمی سبزیوں کی سپلائی طلب کے مطابق نہیں ہے۔ کچے اناج کی قیمت عام لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہے۔مشرقی بردوان کے مختلف بازاروں میں ایک ہفتے کے اندر آلو ا ورپیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ چندر مکھی اور جیوتی آلو کی قیمتیں۳۵؍ سے ۴۵؍ روپے فی کلو  رہیں۔ہری مرچ ایک ہفتے میں۵۰؍ روپے فی کلو اضافے کے بعد۲۰۰؍ روپے تک پہنچ چکی  ہے۔عوام کو امید ہےکہ حکومت کی کارروائی سے قیمتیں آئندہ دنوں کافی حد تک  کم ہوں گی ۔
 کولکاتا کے کانکور گاچی وی آئی پی بازار میںکارروائی کرنے والے  ٹاسک فورس کے لیڈر رابندر ناتھ کولے نے ہول سیل تاجروں سے بات چیت کی اور ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں مصنوعی اضافہ نہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔واضح رہےکہ ٹاسک فورس اعلیٰ پولیس اہلکاروں،نوکر شاہوںبشمول چیف سیکریٹری ،داخلہ سیکریٹری ، ڈی جی پی ، اے جی (لاء اینڈ آرڈر) اور پولیس کمشنروں پر مشتمل ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK