• Wed, 08 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

یاہو نے لبنان کو دھمکایا، اسلحہ کے متعلق لبنان نے تردید کی

Updated: June 25, 2024, 11:03 AM IST | Agency | Tel Aviv-Yafo / Beirut

لبنان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج نے اس کی سرزمین پر کئے جانے والے حملوں میںممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہے۔

Along with Gaza, Israel continues to bomb the border areas of Lebanon. Photo: INN
اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان کے سرحدی علاقوں پر بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ تصویر : آئی این این

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ’’ہم نے لبنان کی سرحد پر صورتحال تبدیل کرنے کی تیاریاں کر لی ہیں۔ ‘‘ یاہو نے اسرائیل کے ٹیلی ویژن ۱۴؍ چینل کیلئے انٹرویو میں لبنان سرحد کی صورتحال اور غزّہ کی جنگ کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’میں، ملک کے شمال میں حالات کو بعینہ چھوڑنے پر تیار نہیں ہوں۔ ہم، اس صورتحال کو تبدیل کرنے کی، تیاریاں کر رہے ہیں۔ ‘‘غزہ کی جنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’’غزّہ میں بھاری جھڑپوں کا مرحلہ ختم ہونے کے قریب ہے۔ میں، حماس کو ختم کئے بغیر جنگ روکنے پر تیار نہیں ہوں۔ اسرائیل، غزہ کے فلسطینیوں کے تعاون سے، ایک شہری انتظامیہ کے قیام کا خواہش مند ہے۔ ‘‘
 واضح رہے کہ اسرائیل ایک طرف غزہ پٹّی پر۷؍ اکتوبر سے حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور دوسری طرف شمالی سرحد پر لبنانی حزب اللہ کے ساتھ بھی جھڑپیں کر رہا ہے۔ لبنان اور اسرائیل کے درمیان `نیلی لائن کے نام سے کھینچی گئی سرحدی لائن پر حالیہ ہفتوں میں تناؤ شدت اختیار کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے۱۸؍جون کو، لبنان پر ممکنہ حملے کے، ’’آپریشنل پلان‘‘کی منظوری کا اعلان کیا تھا۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے بھی۲۱؍جون کو جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ حزب اللہ کو اسرائیلی زمین اور اسرائیلی شہریوں پر حملوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۷؍برسوں میں ۱۸؍ لاکھ ادارے بند،۵۴؍ لاکھ ملازمتیں ختم

اسرائیلی فوج نے ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا :لبنان
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان سے متصل سرحدی علاقے میں ممنوعہ فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہے۔ لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی این این اے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے سرحدی قصبے خیام اور مرجعون پر سفید فاسفورس بموں سے گولہ باری کی تھی۔ اسرائیلی توپ خانے نے فرقیلہ اور دیر مماس کے درمیان خورہ نامی علاقے پر بھی شدید گولہ باری کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہا ہےکہ اس نے خیام، رمایہ اور الما الشعاب نامی قصبوں میں حزب اللہ کے بعض ٹھکانوں کو جنگی طیاروں سے نشانہ بنایا ہے۔ 
بھاری مقدار میں اسلحہ جمع کئے جانےکی خبر جھوٹ:لبنانی وزیر
  لبنان کی حزب اللہ تنظیم نے بیروت کے ہوائی اڈے پرمیزائلوں اور دھماکہ خیز مواد سمیت بڑی مقدار میں ایرانی ہتھیارذخیرہ کر رکھا ہے۔ ٹیلی گراف اخبار نے ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ اطلاعات کے مطابق ہوائی اڈے پروہاں کے عملے نے حزب اللہ کمانڈروں اور ایران سے لائے جانے والے غیر معمولی طور پر بڑے بکسے دیکھے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ہوائی اڈے کے عملے نے بھی خدشہ ظاہر کیا کہ ہوائی اڈہ بنیادی فوجی ہدف بن سکتا ہے۔ دوسری جانب لبنان کے وزیر محنت اور ٹرانسپورٹ علی حمیح نے اس رپورٹ کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے تمام میڈیا آؤٹ لیٹس اور سفیروں یا ان کے نمائندوں کو ہوائی اڈے کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ وہاں ہتھیار موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے رابطہ کیا ہے۔ ’’ہم جھوٹے الزامات اور بیروت ہوائی اڈے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لئے دی ٹیلی گراف اخبار کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے۔ ‘‘
مشرق وسطی ایک وسیع جنگ کے دہانے پر : یوروپی یونین
 دریں اثنا یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ جنگ کے پھیلاؤ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ یوروپی یونین کے عہدیدار نے یہ بات پیر کے روز کہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK