کسان اور دونوں بیلوں نے موقع ہی پر دم توڑ دیا، مشتعل ہجوم نے اہلکار کی جم کر پٹائی کی اور گاڑی کو توڑ پھو ڑ کر رکھ دیا۔
EPAPER
Updated: November 26, 2024, 1:32 PM IST | Ali Imran | Bhandara
کسان اور دونوں بیلوں نے موقع ہی پر دم توڑ دیا، مشتعل ہجوم نے اہلکار کی جم کر پٹائی کی اور گاڑی کو توڑ پھو ڑ کر رکھ دیا۔
ایک کسان اپنی بیل گاڑی سے شام کو گھر واپس جا رہا تھا کہ نشے میں بدمست ایک پولیس اہلکار نے اپنی تیز رفتار کار سے اسے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ اس حادثہ میں کسان اور اس کے دونوں بیلوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ یہ واقعہ بھنڈارہ ضلع کا ہے۔ واقعہ کے بعد گاؤں والوں نے مذکورہ پولیس اہلکار کی خوب پٹائی کی اور احتجاجاً ہائی وے بلاک کر دیا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک اس علاقے میں کشیدگی کا ماحول بنا رہا۔
یہ بھی پڑھئے: پارلیمنٹ میں ’موڈانی‘ کی گونج، جےپی سی جانچ کا مطالبہ، کارروائی ملتوی
اطلاع کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اتوار کی شام ۷؍بجے کے قریب بھنڈارہ ضلع میں واقع موہاڑی تعلقہ کے دیواڑا (خُورد) گاؤں کے قریب مانسر۔ گوندیا ہائی وے پر پیش آیا۔ اس حادثے میں دو بیل اور ایک کسان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مہلوک کسان کا نام ہیرالال ہگرو کامبلے ہے جو دیوڑا خورد کا رہنے والا ہے۔ گاؤں والوں کو جیسے ہی واقعہ کا علم ہوا وہ موقع پر پہنچے۔ حادثے کا منظر دیکھ مشتعل ہجوم نے کار کی توڑ پھوڑ کی اور پولیس اہلکار گووند ٹھاکرے کو شدید زدوکوب کیا۔ اس مار پیٹ میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا ہے اور اسے بھنڈارہ ڈسٹرکٹ جنرل ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کروایا گیا ہے۔ پولیس اہلکار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ حادثے کے بعد مشتعل بھیڑ نے پولیس اہلکار کی پٹائی پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ کار کی توڑ پھوڑ کے بعد شاہراہ کو جام کر دیا۔ حالات کشیدہ ہوتے دیکھ پولیس کو اضافی پولیس فورس طلب کرنا پڑا۔ پولیس نے کسی طرح سمجھا بجھا کر لوگوں کو وہاں سے ہٹایا۔ مزید تفتیش جاری ہے توڑ پھوڑ کرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔