• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: ممنوعہ پلاسٹک کیخلاف کارروائی، ۵۰۰؍ کلو گرام پلاسٹک ضبط، جرمانہ وصول

Updated: September 02, 2024, 1:06 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

 یہاں شہری انتظامیہ نے ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیوں کے خلاف مہم چلا کر۵۰۰؍کلو پلاسٹک کی تھیلیاں ضبط کی ہیں۔ انتظامیہ نے ان تھیلیوں کو ضبط کرکے دکانداروں سے ۱۰؍ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

یہاں شہری انتظامیہ نے ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیوں کے خلاف مہم چلا کر۵۰۰؍کلو پلاسٹک کی تھیلیاں ضبط کی ہیں۔ انتظامیہ نے ان تھیلیوں کو ضبط کرکے دکانداروں سے ۱۰؍ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا ہے۔ میونسپل کمشنر نے گنیش اتسو کے دوران شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ۱۲۰؍مائیکرون سے زیادہ کی بنی ہوئی پلاسٹک کی تھیلیاں استعمال کریں۔ 
 واضح ہوکہ پلاسٹک کی ممنوعہ تھیلیوں پر پابندی کے باوجود دکانداروں، ٹھیلہ گاڑیوں، سبزی فروش اور ہوٹل مالکان کی جانب سے اس کااستعمال کھلے عام کیا جارہا ہے۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے متعدد مرتبہ کارروائی کے باوجود پلاسٹک کی ممنوعہ تھیلیوں کے استعمال میں کوئی کمی نہیں ہورہی ہےجس پر ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے محکمہ ماحولیات کے سربراہ سدام جادھو کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال پر سختی سے پابندی لگائی جا سکے۔ اس ٹیم نے حال ہی میں کارروائی کرتے ہوئے ۵۰۰؍ کلو گرام پلاسٹک کی تھیلیاں ضبط کی ہیں اور ۱۰؍ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’وقف ترمیمی بل کے خلاف متحد ہوکر مسلمان اپنا احتجاج درج کرائیں‘

اطلاع کے مطابق انتظامیہ کو خبر ملی تھی کہ نذرانہ کمپاؤنڈ علاقے میں دکاندار ونود کمار پسانی نے سنگل یوز پلاسٹک کی تھیلیوں کا بڑا ذخیرہ کررکھا ہے۔ محکمہ شہری ترقیات کے آفس سپرنٹنڈنٹ سومناتھ سوشٹے، محکمہ ماحولیات کے انل اوہاڑ، سنجے کینے، گنیش شریمل، ویپن گائیکواڑ اور ہنومان مہاترے کی ٹیم نے کسار آلی میں واقع نذرانہ کمپاؤنڈ میں چھاپہ مارکر۵۰۰؍کلو پلاسٹک کی تھیلیاں ضبط کرلیں۔ 
  واضح رہے کہ میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے گنیش اتسو کو ماحول دوست طریقے سے منانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے شہریوں، تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک بار استعمال ہونے والی پلاسٹک اور تھرماکول کے استعمال سے گریز کریں اور۱۲۰؍ مائیکرون سے زیادہ والے پلاسٹک بیگ کا استعمال کرکے تہواروں کو ماحول دوست طریقے سے منائیں ۔ میونسپل کمشنر نے خبردار کیا ہے کہ کارپوریشن کی سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف کارروائی مستقبل میں بھی بڑے پیمانے پر جاری رہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK