شہر کے سرکردہ افراد، علما، اساتذہ اور مختلف سماجی و تعلیمی تنظیموں کی ایک اہم میٹنگ گزشتہ دنوں مومن جماعت خانہ، صمد نگر، کنیری میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا مقصد تعلیمی میدان میں درپیش مسائل، بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے طلبہ کو درکار نصابی کتب کی منظم فراہمی و تقسیم کے لئے ایک مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔
میٹنگ میں علما، اساتذہ اور مختلف سماجی و تعلیمی تنظیموں کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ تصویر: آئی این این
شہر کے سرکردہ افراد، علما، اساتذہ اور مختلف سماجی و تعلیمی تنظیموں کی ایک اہم میٹنگ گزشتہ دنوں مومن جماعت خانہ، صمد نگر، کنیری میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا مقصد تعلیمی میدان میں درپیش مسائل، بالخصوص اعلیٰ تعلیم کے طلبہ کو درکار نصابی کتب کی منظم فراہمی و تقسیم کے لئے ایک مؤثر حکمت عملی مرتب کرنا تھا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہر سال جماعت اول تا دہم، بارہویں، اور پیشہ ور کورسز جیسے میڈیکل و انجینئرنگ میں زیر تعلیم طلبہ کو نصابی کتابوں کی شدید ضرورت پیش آتی ہے، تاہم مہنگائی کے باعث یہ کتابیں اکثر عام اور مستحق طلبہ کی دسترس سے باہر ہو جاتی ہیں۔ان حالات میں کتابوں کی فراہمی کے لئے ایک باقاعدہ، مربوط اور اجتماعی نظام کی تشکیل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جسے ملی فریضہ سمجھ کر انجام دیا جانا چاہیے۔اسی مقصد کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں کتابوں کےمراکز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جہاں سے ضرورت مند طلبہ کو استعمال شدہ کتابیں فراہم کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: وقف ایکٹ کیخلاف ۱۳؍ پٹیشن، جلد سماعت کی اپیل
میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ان مراکز کو مساجد سے جوڑ کر انہیں مقامی سطح پر زیادہ فعال اور مؤثر بنایا جائے۔ میٹنگ میںمومن ویلفیئر سوسائٹی (مومن جماعت خانہ)، الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی، بزم یارانِ ادب، یونیق اسپورٹس، آئیٹا بھیونڈی، انجمن فروغ تعلیم، اسٹوڈینٹس اسلامک آرگنائزیشن ، بزم ریختہ کے ساتھ شہر کی مختلف معروف تنظیموں کے نمائندگان اور سرکردہ افراد نے شرکت کی اور مفید مشوروں سے نوازا۔ میٹنگ میں مفتی حذیفہ قاسمی، ضیاء الرحمان انصاری، انجینئر روش دھورو، فہیم مومن، سبحان سکندر انصاری کے علاوہ مختلف اسکولوں کے سربراہان ، اساتذہ، ائمہ مساجد، علما اور تعلیمی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے اتفاق رائے سے کہا کہ یہ منصوبہ محض کتابوں کی فراہمی تک محدود نہ رہے بلکہ ایک ہمہ جہت تعلیمی تحریک کی شکل اختیار کرے تاکہ شہر کے تمام طلبہ، خصوصاً پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو تعلیم کے مواقع میسر آ سکیں۔ الانصار میڈیکل ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ دار شاہد فاروقی نے میڈیا کو بتایا کہ ’’کتابوں کے مراکز پر استعمال شدہ کتابیں جمع کی جائیں گی، جنہیں چھان بین کے بعد ضرورت مند طلبہ میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس منصوبے سے جڑنے یا تفصیلات حاصل کرنے کیلئے افراد ان سے موبائل نمبر ۹۳۲۲۹۷۹۱۹۹ ؍ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔یہ اجلاس ایک نئے تعلیمی سفر کی شروعات ہے جو شہر کے تعلیمی مستقبل کو نئی سمت دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔‘‘