• Thu, 12 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی کے سابق معاون میونسپل کمشنر بدعنوانی کے الزام میں معطل

Updated: December 12, 2024, 4:08 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

الزام ہے کہ انہوں نے نالوں کی صفائی پر معمور مزدوروں کی اجرت کیلئے پیشگی رقم لی اور اسکاحساب نہیں دیا

Somnath Soshte. Photo: INN
سومناتھ سوشٹے۔ تصویر: آئی این این

 بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے پربھاگ سمیتی ۵؍کے سابق معاون میونسپل کمشنر سومناتھ سوشٹے کو۳۲؍لاکھ ۶۶؍ہزار ۳۴۶؍ روپے کے حساب میں بے ضابطگی کے سبب معطل کر دیا ہے۔  سوشٹے پر الزام ہے کہ انہوں نے ۳؍برس قبل نالوں کی صفائی کیلئے مزدوروں کی اجرت کی مد میں مذکورہ رقم پیشگی حاصل کی تھی۔  قواعد کے مطابق، یہ رقم خرچ کرنے کے بعد اس کا حساب اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ کو مقررہ مدت میں پیش کرنا ضروری تھا، لیکن سوشٹےنے ایسا نہیں کیا۔  اور وہ محکمہ جاتی انکوائری میں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے۔  معطلی کے دوران انہیں گزارہ الاؤنس دیا جائیگا، مگر نجی ملازمت یا کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی ٹریفک جام کا مسئلہ: رکن پارلیمان مہاترے کا مرکزی وزیرگڈکری کو مکتوب

واضح ہوکہ راشٹریہ مانو حق منچ کے صدر شرد دھومال نے سومناتھ سوشٹے کی من مانی اور ان کے ذریعہ کی گئی بدعنوانی کے خلاف ریاستی حکومت اورمیونسپل کمشنر سے شکایت کی تھی۔ جس میں انہوں نے الزام لگایا تھا کہ سوشٹے نے مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے محکمہ اکاؤنٹس کی جانب سے دئیے گئے ۳۲؍لاکھ ۶۶؍ہزار ۳۴۶؍ روپے کے فنڈز میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی ہے۔ میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے کے باوجود انہوں نے کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا اور اکاؤنٹس آڈٹ ڈپارٹمنٹ کی نشاندہی کردہ خامیوں کو بھی دور نہیں کیا۔  جس پر میونسپل کمشنر نے اس معاملے کو انتہائی سنگین اوردفتری نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی قرار دیکر انہیں مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ، ۱۹۴۹ء کے دفعہ۵۶ (۲) کے تحت محکمانہ انکوائری کیلئے فوری اثر کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کی خدمات سے معطل کردیا گیا۔  معطلی کی مدت کے دوران گزارہ الاؤنس اور اسکے اوپر مہنگائی الاؤنس اور ہاؤس رینٹ الاؤنس دینے کی منظوری دی گئی ہے۔  معطلی کے دوران انہیں نجی ملازمت اختیار کرنے یا کاروبار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور اگر وہ معطلی کے دوران نجی ملازمت اختیار کرتے ہیں یا کاروبار کرتے ہیں، تو وہ بدانتظامی کے مرتکب ہونگے، ان پر ضابطے کے مطابق کارروائی کے ذمہ دار ہوں گے۔  اسکے علاوہ ایسی صورتحال میں وہ اپنا گزارہ الاؤنس کا حق بھی کھو دیں گے۔  اس ضمن میں سوشٹے سے ان کے موبائل فون پررابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے فون ریسیو نہیں کیا، نہ ہی ٹیکسٹ میسیج کا کوئی جواب دیا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK