• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: ٹورینٹ پاور کمپنی کا مانسون کےدوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

Updated: June 24, 2024, 12:44 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہر میں فرنچائزی طرزپر بجلی سپلائی کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی نے مانسون کے دوران اپنے صارفین کواحتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

شہر میں فرنچائزی طرزپر بجلی سپلائی کرنے والی ٹورینٹ پاور کمپنی نے مانسون کے دوران اپنے صارفین کواحتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔ کمپنی نے صارفین کے نام پیغام جاری کرکے کہا ہے کہ بارش کے موسم میں برقی حادثوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، صارفین احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ان خطرات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ کمپنی نے صارفین کیلئے ہیلپ نمبر بھی جاری کئے ہیں۔ 
 واضح رہےکہ بارش کے موسم بجلی کا کرنٹ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اسی کے پیش نظر کمپنی نے صارفین کو مانسون کے دوران برقی خطرات سے محفوظ رہنے کیلئے متعدد احتیاطی اقدامات کا مشورہ دیا ہے۔ جن کے مطابق بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات جیسے بجلی کے کھمبے، سب اسٹیشن، ٹرانسفارمر، ڈسٹری بیوشن بکس اور اسٹریٹ لائٹس سے دور رہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے بجلی کی تنصیبات، بجلی کی لائنوں یا ٹرانسفارمر کے قریب نہ کھیلیں۔ موسلادھار بارش، تیز آندھی اورگرج چمک کی صورت میں درخت، بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز یا کسی مخدوش عمارت وغیرہ کے نیچے پناہ نہ لیں۔ اپنے رہائش، دکان، کارخانہ، دفتروغیرہ کے احاطے میں تمام برقی تنصیبات اور آلات کی مناسب ارتھنگ کو یقینی بنائیں۔ برقی سوئچ اور آلات کو ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھوں سے بالکل مت چھوئیں۔ میٹر کیبن میں پانی بھرنے یا رساؤ کی صورت میں مین سوئچ کو بند کر دیں۔ پالتو جانوروں کو بجلی کے کھمبوں ، میٹر کیبن یا انفراسٹرکچر سے نہ باندھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: تیز رفتار ٹیمپو نے ڈلیوری بوائے کو کچل دیا، جائے وقوعہ پر ہی موت

کمپنی نے بارش کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے پیدا ہونےوالے کسی بھی حادثے سے محفوظ رکھنے کیلئے بجلی صارفین سے گزارش کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے احاطے میں کہیں بھی بجلی کے کمزور کنکشن اور کوئی تارکٹا پھٹا نہ ہو۔ لائسنس یافتہ الیکٹریکل کنٹریکٹر سے اچھی طرح سے معائنہ کروائیں۔ برقی تنصیب میں اعلیٰ معیار کے ارتھ لیکیج سرکٹ بریکر(آٹو کٹ ) لگوائیں تاکہ بارش کے دوران کسی حادثے کی صورت میں بجلی کی فراہمی فوری طورپر آٹومیٹک منقطع ہو سکے۔ صارف کسی بھی صورت میں غیر قانونی بجلی کی سپلائی نہ لیں کیونکہ غیر قانونی کنکشن کیلئے لگائے گئے تار غیر محفوظ اور حادثے کو دعوت دیتے ہیں۔ 
الیکٹرانک آلات کو اَن پلگ کریں 
بارش کے موسم میں برقی حفاظتی نکات میں سے ایک بجلی کے تاروں کو نہ چھونے کے علاوہ شدید بارش کے دوران الیکٹرانک آلات کو ان پلگ کرنا بھی ہے۔ اس کی وجہ وولٹیج کا اتار چڑھاؤ اور لوڈشیڈنگ ہے۔ انتہائی زیادہ یا کم وولٹیج ممکنہ طور پر آپ کے مہنگے آلات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اگر آپ کی وائرنگ فضا میں نمی یا بارش کے پانی کی وجہ سے گیلی ہو جاتی ہے تو کسی کے لیے بھی ان آلات کو چھونا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اگر آپ کسی ایسے علاقے میں رہتے ہیں جہاں شدید بارش کے دوران سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے تو آپ کے گھر میں پانی داخل ہونے سے پہلے ایسے تمام آلات کو بند اور ان پلگ کر دیں۔ اگر ممکن ہو تو بارش کے موسم میں حفاظتی اقدام کے طور پر الیکٹرانک آلات جیسے فریج اور ٹیلی ویژن کو کھڑکیوں سے دور منتقل کرنے پر غور کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK