داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا سیدنا نے بھوپال کے عامل ( بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ) سے مودی کی حمایت میں نعرہ بازی پروضاحت طلب کی ہے۔
EPAPER
Updated: April 19, 2024, 12:19 AM IST | Agency | Bhopal
داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا سیدنا نے بھوپال کے عامل ( بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ) سے مودی کی حمایت میں نعرہ بازی پروضاحت طلب کی ہے۔
داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا سیدنا نے بھوپال کے عامل( بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ) سے مودی کی حمایت میں نعرہ بازی پروضاحت طلب کی ہے۔ اس سلسلے میں امیدڈاٹ کام ویب پورٹل پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بھوپال شہر کے علی گنج میں واقع بوہرہ جماعت خانہ میں عید ملن کے ایک پروگرام کے موقع پر’ ہر ہر مودی اور گھر گھر مودی ‘ اورمودی تو ممکن ‘کے نعرے لگائے گئے تھے۔بوہرہ برادری کے کچھ افراد نے جماعت خانہ کے احاطے میں وزیر اعظم مودی کے پلے کارڈ بھی لہرائے۔ داؤدی بوہرہ برادری کے افرادنے بھوپال سے بی جے پی کے لوک سبھا امیدوار آلوک شرما کی حمایت میں وزیر اعظم مودی کے نعرے لگائے۔ اس دوران ’’اب کی بار۴۰۰؍ پار‘‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
یہ بھی پڑھئے: ’بونڈز‘ سے متعلق پوسٹ حذف کرنے پر تنقید
بوہرہ برداری نے وزیر اعظم مودی کی تعریفوں کےپل باندھے اور ان کی کامیابی کیلئے دعا کی۔بھوپال پارلیمانی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار آلوک شرما اپنے حامیوں کے ساتھ داؤدی بوہرہ جماعت خانہ پہنچے تھے اور وہاں وزیراعظم مودی کے پلے کارڈ تقسیم کئے تھے۔ شرما نے کہا تھا،’’بوہرہ برادری نے داؤدی بوہرہ جماعت خانہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کیلئے نعرے لگائے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمیونٹی پی ایم مودی کی معاشی پالیسی کی تعریف کرتی ہے۔‘‘ بی جے پی کے حق میں نعرے لگانے سے داؤدی بوہرہ برادری میں اختلاف پیدا ہو گیا ہے۔ ایک گروپ نے حیدری مسجد کے عید ملن پروگرام میں اس طرح نعرے لگانے کی شدید مخالفت کی۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس کر کے اس بات کی نشاندہی کی کہ جہا ں یہ پروگرام ہوا وہ جماعت خانہ کا حصہ تھا، قریبی حیدری مسجد کا نہیں لیکن سوشل میڈیا پر اسے حیدری مسجد کہہ کر پروپیگنڈہ کیا گیا۔اس سلسلے میں بھوپال بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ کو طلب کیا گیا،کیونکہ مخالف گروپ بھوپال عامل (داؤدی بوہرہ کے مذہبی پیشوا) جوہر علی سے بھی ناراض ہے جنہوں نے عید ملن پروگرام کی صدارت کی تھی۔انہوں نے اس کیخلاف ممبئی صدر دفتر کے سب سے بڑے مذہبی پیشوا سیدنا سے شکایت کی ہے۔ عامل کو صدردفتر سے اسکے بارے میں وضاحت کیلئے طلب کیا گیا ہے ۔ داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے پبلک ریلیشن آفیسر (پی آر او) شیخ مرتضیٰ نے بھی واضح کیا ہے کہ’’ جہاں مذکورہ پروگرام ہو ا ، وہ جماعت خانہ کا حصہ تھا، کسی مسجد کا نہیں۔‘‘