پٹنہ میں پارٹی دفتر سے باہر دھرنا میں شریک اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے مطابق ا گر نتیش کمار مرکز کا ساتھ نہ دیںتو مودی حکومت گر جائے گی، اس کے باوجود وہ خاموش کیوں ہیں؟
EPAPER
Updated: September 02, 2024, 11:42 AM IST | Inquilab News Network | Patna
پٹنہ میں پارٹی دفتر سے باہر دھرنا میں شریک اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کے مطابق ا گر نتیش کمار مرکز کا ساتھ نہ دیںتو مودی حکومت گر جائے گی، اس کے باوجود وہ خاموش کیوں ہیں؟
اتوار کو ریزرویشن اور ملک بھر میں ذات پر مبنی مردم شماری کرانےکیلئے بہار کے ۳۲؍ اضلاع میں آر جے ڈی کارکنوں نے دھرنا اور مظاہرہ کیا۔
بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں پارٹی دفتر سے باہر دھرنا میں شریک اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریزرویشن نہیں دینا چاہتی، انہیں غریبوں سے کوئی سروکار نہیں۔
آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ بی جے پی والے نہیں چاہتے کہ رکشا چلانے والوں اور نالے صاف کرنے والوں کو ریزرویشن ملے۔ بی جے پی کے لوگ چاہتے ہیں کہ جو لوگ نیچے ہیں، وہ زندگی بھر نیچے رہیں اور وہ کبھی ترقی نہ کریں۔ چند افراد کو ہی ملائی کھانے کا حق حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھئے:جے ڈی یو ترجمان کےعہدہ سے تیاگی کے استعفیٰ پر چہ میگوئیاں
اس دوران اشوک چودھری کا نام لئے بغیر تیجسوی یادو نے کہا کہ آج بھی لوگ ذات پات کی بنیاد پر گالی دے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں بہار کے دیہی ترقی کے وزیر اشوک چودھری نے بھومیہار سماج سے متعلق متنا ز ع بیان دیا تھا۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ غربت خواہ کسی بھی ذات میں ہو اسے ختم کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر نتیش کمار مرکز کا ساتھ نہ دیں تو مودی حکومت گر جائے گی، اس کے باوجود وہ خاموش کیوں ہیں ؟ نتیش کمار صرف خاموش رہنے کیلئے بنے ہیں یا کام بھی کریں گے۔
تیجسوی نے کہا کہ ہم لوگوں کو بہت گالیاں دی جاتی ہیں۔ جتنی گالیاں دی جارہی ہیں، ہم لوگ اتنے ہی زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔