• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بہار: ’آپ عورت ہیں‘ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے تضحیک آمیز تبصرے پر چوطرفہ تنقیدیں

Updated: July 25, 2024, 5:03 PM IST | Patna

گزشتہ دن بہار اسمبلی میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے انتہائی غصے میں آر جے ڈی ایم ایل اے ریکھا پاسوان کو کہا کہ ’’تم ایک عورت ہو، تم کچھ نہیں جانتی۔‘‘ اس کے بعد نتیش کے بیان پر تنقیدیں کی جارہی ہے۔ لالو پرساد یادو کی بیوی رابڑی دیوی نے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

Nitish Kumar speaking in Bihar Assembly. Photo: PTI
نتیش کمار بہار اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بہار اسمبلی میں آر جے ڈی ایم ایل اے ریکھا پاسوان کے بارے میں حالیہ بیان نے تنازع کو ہوا دی ہے۔ بدھ کو ریزرویشن میں تبدیلی کیلئے اپوزیشن کے بڑھتے ہوئے مطالبات کے درمیان، نتیش کمار  اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور ریکھا پاسوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ ایک خاتون ہیں، آپ کو کچھ نہیں معلوم… بیٹھ کر سنو۔‘‘ واضح رہے کہ اسمبلی میں اس وقت ہنگامہ آرائی تھی جب اپوزیشن ارکان ایوان کے کنویں کے پاس جمع ہوکر مطالبہ کرنے لگے کہ ریاست کے ترمیم شدہ ریزرویشن قوانین کو آئین کے نویں شیڈول میں شامل کیا جائے تاکہ انہیں عدالتی نظرثانی سے بچایا جاسکے۔

اپنی تقریر کے دوران، نتیش کمار نے ذات کے سروے کو شروع کرنے میں اپنے کردار پر روشنی ڈالی جس کی وجہ سے ایس سی، ایس ٹی، او بی سی اور انتہائی پسماندہ طبقات کے کوٹے میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پٹنہ ہائی کورٹ نے ریزرویشن قوانین کو بالائے طاق رکھ دیا تھا، اور معاملہ سپریم کورٹ تک چلا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان قوانین کو نویں شیڈول میں شامل کرنے کیلئے مرکز سے باضابطہ درخواست کی گئی تھی۔ ان کی وضاحت کے باوجود اپوزیشن ارکان نے نعروں کے ساتھ احتجاج جاری رکھا۔ اس کے جواب میں، نتیش کمار غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور ریکھا پاسوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ ایک عورت ہیں، کیا آپ کچھ جانتی ہیں؟ کیا آپ کو احساس ہے کہ میرے اقتدار سنبھالنے کے بعد ہی بہار میں خواتین کو ان کا حق ملنا شروع ہوا؟‘‘ اس دوران  انہوں نے اپنے سابق اتحادیوں پر بھی تنقید کی۔

یہ بھی پڑھئے: ممبئی میں موسلا دھاربارش، اندھیری سب وے بند، یلو الرٹ جاری

آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے کمار کے تبصرے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’خواتین کے بارے میں معیار سے گرے ہوئے، غیر مہذب اور کم درجے کے تبصرے کرنا وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی عادت بن گئی ہے۔ یہ ریاست کیلئے سنگین اور تشویشناک مسئلہ ہے۔‘‘ تیجسوی یادو نے ایک پچھلے واقعہ کا بھی حوالہ دیا جہاں نتیش کمار نے قبائلی طبقے سے تعلق رکھنے والی بی جے پی خاتون ایم ایل اے کے بارے میں نازیبا تبصرہ کیا تھا۔ تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ، ’’آج، انہوں نے دو مرتبہ ایس سی ایم ایل اے ریکھا پاسوان کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرہ کیا۔‘‘
لالوپرساد یادو کی اہلیہ رابڑی دیوی نے کہا کہ نتیش کمار کو اپنے بیان کیلئے معافی مانگنی چاہئے۔  خیال رہے کہ نتیش کمار نے ۲۰۲۲ء میں آر جے ڈی سے ہاتھ ملانے کیلئے این ڈی اے اتحاد چھوڑ دیا تھا۔ تاہم، ۲۰۲۴ء میں وہ دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہو گئے۔ نتیش کمار کے متذکرہ بیان کی سوشل میڈیا پر خوب مذمت کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK