ادھو ٹھاکرے یہ اعلان کرچکے تھے کہ اگر ان کی حکومت آئی تو اڈانی کو دی گئی تمام زمین واپس لےلی جائے گی اور دھاراوی کا ٹینڈر منسوخ کردیا جائے گا
EPAPER
Updated: November 23, 2024, 11:35 PM IST | Mumbai
ادھو ٹھاکرے یہ اعلان کرچکے تھے کہ اگر ان کی حکومت آئی تو اڈانی کو دی گئی تمام زمین واپس لےلی جائے گی اور دھاراوی کا ٹینڈر منسوخ کردیا جائے گا
مہاراشٹرمیں زعفرانی محاذ مہایوتی کی تاریخی فتح سے کس شخص نے سب سے زیادہ راحت کی سانس لی ہو گی تووہ گوتم اڈانی ہوں گے جو گزشتہ چند روز سے امریکی عدالت کے الزامات کی وجہ سے پوری دنیا میں رسوائیاں جھیل رہے ہیں۔ مہاراشٹر الیکشن میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی فتح سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ گوتم اڈانی اور ان کی کمپنی اب اطمینان سےدھاراوی پروجیکٹ کو آگے بڑھاسکتے ہیں کیوں کہ مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈر ادھو ٹھاکرے نے یہ اعلان کردیا تھا کہ اگر ان کی حکومت آئی تو اڈانی کو دی گئی تمام زمین واپس لے لی جائے گی اور دھاراوی کا ٹینڈر منسوخ کردیا جائے گا۔اس اعلان کی وجہ سے نہ صرف بی جے پی اور اتحادیوں میں بلکہ خود اڈانی گروپ میں زبردست ہلچل مچ گئی تھی ۔
واضح رہے کہ دھاراوی کا ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ۳؍ بلین ڈالرس سے زائدکا ہےجس کے تحت اس پورے علاقے کو ورلڈ کلاس انفراسٹرکچر کے ساتھ ڈیولپ کیا جائے گا لیکن مقامی افراد کا الزام ہے کہ ان کا روزگار اور رہائش ختم کرکے یہاں صرف کارپوریٹ کمپنیوں کا اجارہ قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی لئے ایشیا کی یہ سب سے بڑی جھوپڑ پٹی کو ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ مقامی افراد کا یہ بھی الزام ہے کہ اس پورے علاقے کو سرکاری ادارے مہاڈا کے ذریعے ری ڈیولپ کروایا جانا چاہئے تھا لیکن بی جے پی اپنے دوست اڈانی کو نوازنے کے لئے یہ پروجیکٹ انہیں سونپ رہی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی دھاراوی جس کا کل رقبہ ۶۲۰؍ ایکڑ سے زائد ہےمیں ۷؍ لاکھ سے زائد جھگی جھوپڑیاں ہیں۔ یہاں رہنے والوں کو ۳۵۰؍ اسکوائر فٹ کا مکان مفت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے لیکن مقامی افراد اس سے مطمئن نہیں ہیں کیوں کہ انہیں مکان تو مل جائے گا لیکن یہاں موجود تجارتی ہب ختم ہو جائے گا ۔ واضح رہے کہ پوری دھاراوی چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے والوں بہت بڑا مرکز ہے جس میں چمڑے کا ساز و سامان ،مٹی کے برتن ،پلاسٹک کی اشیاء ، دیگر ضروری سامان کے کارخانہ اور دیگر چیزوں کا کاروبارشامل ہے۔