نشی کانت دوبے سے معافی کا مطالبہ، اڈانی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئےسخت تنقید، کہا: جب بھی ہم اڈانی کے مہا گھوٹالہ پر بات کرتے ہیں تو اس کے ایجنٹ ہمارے ساتھ گالی گلوج کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 06, 2024, 12:43 PM IST | Inquilab News Network
نشی کانت دوبے سے معافی کا مطالبہ، اڈانی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئےسخت تنقید، کہا: جب بھی ہم اڈانی کے مہا گھوٹالہ پر بات کرتے ہیں تو اس کے ایجنٹ ہمارے ساتھ گالی گلوج کرتے ہیں۔
کانگریس نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی لیڈر نشی کانت دوبے کی بیان بازی اور انہیں غیر ملکی طاقتوں کا آلۂ کار بتانے پر سخت ردعمل کااظہارکرتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے کہا کہ وہ جب بھی اڈانی کے گھوٹالے پر بات کرتےہیں تو اس کے ایجنٹ اس مہا گھوٹالے کو بے نقاب کرنے والے لوگوں کو بدنا م اور ان کے ساتھ گالی گلوج شروع کردیتے ہیں۔ نشی کانت دوبے نےلوک سبھا میں وقفۂ صفر کے دوران کانگریس پرباہری طاقتوں کے ساتھ مل کر قومی مفاد پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائدکیا۔ دوبے نے منظم جرائم اور بدعنوانی کی رپورٹنگ والی صحافتی تنظیم (او سی سی آر پی)کے بارے میں ’میڈیاپارٹ ‘کی رپورٹ کا حوالہ دیتےہوئےدعویٰ کیا کہ اپوزیشن حکومت کو پٹری سے اتارنے کی مسلسل کوشش کررہی ہے۔ دوبے نے مزید دعویٰ کیا کہ او سی سی آرپی پارلیمنٹ کی کارروائی کو چلنے نہیں دیناچاہتی۔ مختلف اہم مسائل پر حکومت کے ذریعہ بحث سے راہ فرار اختیار کرنے سے لوگوں کی توجہ ہٹاتے ہوئے بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا کہ جب بھی او سی سی آر پی کوئی رپورٹ دیتی ہےتوکانگریس اس پر فوری ٹویٹ کرتی ہے۔ نشی کانت دوبے نےپیگاسس، ہنڈنبرگ کی رپورٹ اور ویکسین کے معاملہ پر او سی سی آر پی کی رپورٹ کو بنیاد پر بناکر کانگریس کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھئے:آج بابری مسجد کا ۳۲؍ واں یوم شہادت ، اذان کے اہتمام کا اعلان ،پولیس کی روکنے کی کوشش
قابل ذکر ہے کہ او سی سی آر پی تفتیشی صحافیوں کی ایک تنظیم ہے جس کا ۶؍ممالک میں اسٹاف ہے جبکہ یہ تنظیم یورپ، افریقہ اور وسطی ایشیا کے ۵۰؍سے زائد میڈیا کے اداروں کے ساتھ مل کرکام کرتی ہے۔ اس صحافتی تنظیم کو ۲۰۰۶ء میں قائم کیا گیاتھا۔ نشی کانت دوبے نےبھارت جوڑو یاترا کی فنڈنگ سمیت راہل گاندھی کے امریکہ کے دورے پر بھی سوال اٹھایا۔ دوسری طرف سمبت پاترا نے بھی راہل گاندھی پر حملہ کرتے ہوئے کئی نازیبا الفاظ استعمال کئے اور لوک سبھا کے اپوزیشن لیڈر کو غدار تک کہہ ڈالا۔
اس پر ردعمل کا اظہار کرتےہوئے کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نےاس کو لوک سبھا میں پیش آنے والا سب سے افسوسناک واقعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پارٹی سنبھل میں اپوزیشن لیڈر کو جانےسے روکنے کے مسئلہ کو اٹھارہی تھی اس وقت نشی کانت دوبے کے ذریعہ راہل گاندھی کے ساتھ پوری کانگریس پارٹی کے خلاف انتہائی تضحیک آمیز الفاظ استعمال کیے گئے جو کہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم اڈانی کی بدعنوانی کا مسئلہ اٹھاتے ہیں، وہ اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کو گالی دیتےہیں۔ اڈانی کے ایجنٹوں کو صرف ایک ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ اڈانی کی بدعنوانی کو بے نقاب کرنے والوں کو بدنام کریں اور انہیں گالی دیں۔ ہم اس کو ہرگزبرداشت نہیں کریں گے۔ کانگریس لیڈر ششی تھرورنے کہا کہ نشی کانت نے پارلیمانی اصولوں کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نشی کانت دوبے کو معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمراں جماعت ایوان کی کارروائی چلانا چاہتی ہے تو وہ اپنےممبر پارلیمنٹ کو ایوان میں اس طرح اصولوں کی خلاف ورزی اور شرمناک بیانات دینےکی حوصلہ افزائی کیسے کرسکتی ہے؟ کانگریس لیڈر گورو گوگوئی نے بھی نشی کانت دوبے کے بیان کی سخت مذمت کی۔