• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

دَم ہے تو بی جے پی اڈانی اور امبانی کیخلاف ای ڈی بھیجے:سپریہ شرینیت

Updated: May 09, 2024, 11:21 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کا کارکن پہلے ہی خوفزدہ ہے اور اب اپنی شکست یقینی دیکھ کر وزیر اعظم مودی نے کارکنوں کو مزید ڈرادیا ہے۔

Congress Party Senior Spokesperson Supriya Shrineet. Photo: INN
کانگریس پارٹی کی سینئر ترجمان سپریہ شرینیت۔ تصویر : آئی این این

کانگریس نے جمعرات کو وزیر اعظم مودی کو اڈانی اور امبانی کے بارے میں ان کے گزشتہ روز کے بیان پر یہ کہتے ہوئے گھیرنے کی کوشش کی کہ یہ مودی کے پسندیدہ لوگوں کی بدعنوانی کا پردہ فاش ہے، جو وزیر اعظم نے تیسرے مرحلے کے بعد کیا ہے۔ انتخابات میں اپنی یقینی شکست دیکھ کر انہوں نے خود ہی یہ انکشاف کر ڈالا۔ کانگریس پارٹی کی ترجمان سپریہ شرینیت نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرس میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر اعظم مودی نے ۱۰؍سال میں پہلی بار اڈانی اورامبانی کا نام لیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بوریوں میں پیسے دے رہے ہیں اور ٹیمپو  بھربھر کر منتقل کررہے ہیں۔ سپریہ نے اسے وزیراعظم کی بے بسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کرپشن کو بے نقاب کرنے کے علاوہ کوئی متبادل نہیں بچا ہے۔ اس انکشاف نے بی جے پی کے  بدعنوان  لوگوں میں بھی ہلچل مچا دی ہے۔ خود ان کی پارٹی کے کارکنان خوفزدہ ہیں کہ اب کیا ہو گاکیوں کہ وزیر اعظم نے خود ایک بڑی بدعنوانی کا انکشاف کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ودربھ میں بارش اور ژالہ باری، فصلوں کا نقصان، پروازیں معطل

سپریہ شرینیت نے اسے وزیر اعظم کی بے بسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا وزیر اعظم اس سے پہلے کبھی اتنا کمزور، اتنا بے بس، اتنا  لاچار  نہیں تھا۔ دس سال تک خاموش رہنے کے بعد آخر کار انہوں نے اڈانی اور امبانی کا نام لے ہی لیا اور خود اپنی بدعنوانی کو بے نقاب کردیا۔ سپریہ نے کہا کہ  وزیر اعظم  نے یہ انکشاف کانگریس کے  لیڈر راہل گاندھی کی وجہ سے کیا ہے کیونکہ یہ راہل  گاندھی ہی ہیں جو اڈانی اور امبانی کےکرپشن کو بے نقاب کرنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ اب ووٹنگ کے تیسرے مرحلے کے بعد مودی نے اڈانی اور امبانی کا نام لیا ہے اور کہا ہے کہ وہ بوریوں میں پیسے لے جا رہے ہیں اور انہیں ٹیمپوز میں منتقل کررہے ہیں۔  ان کے اس بیان سے یہ بھی واضح ہو گیا ہے کہ بی جے پی بری طرح سے ہار رہی ہے ورنہ یہ نام وزیر اعظم کی زبان پر کبھی نہیں آتے ۔ کانگریس لیڈر  نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور بی جے پی سے مطالبہ کیا کہ وہ مزید ہمت  دکھائیں اور امبانی اور اڈانی کے گھر پر سی بی آئی ، ای ڈی اور انکم ٹیکس کے چھاپے ماریں کیوں کہ جس بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے وہ بہت بڑی ہے۔ اسے یوں ہی سرسری نہیں لیا جاسکتا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم خود  جانچ کے احکامات جاری کریں اور یہ ثابت کریں کہ وہ بدعنوانی کے خلاف دل سے کارروائی چاہتے ہیں۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو یہ واضح ہو جائیگا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK