• Thu, 02 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ودربھ میں بارش اور ژالہ باری، فصلوں کا نقصان، پروازیں معطل

Updated: May 09, 2024, 11:43 PM IST | Ali Imran | Nagpur

خطے کے تقریباً تمام اضلاع میںطوفانی بارش، تیزہوائیں اور ژالہ باری، کٹی ہوئی فصلوں کا ذخیرہ تباہ، ناگپور میں ایئر پورٹ پر مسافروں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔

Flights from Nagpur to Nashik and Pune remain suspended till the rains stop. Photo: INN
ناگپور سے ناسک اور پونے جانے والی پروازیں بارش کے رکنے تک معطل رہیں۔ تصویر : آئی این این

 ایک طرف جہاں ریاست  کے مختلف اضلاع میں درجۂ حرارت ۴۰ سے ۴۴ ڈگری  پار کرچکا ہے تو دوسری طرف ودربھ میں ایک بار پھر بے موسم بارش کی آمد سے لوگوں کو گرامی سے راحت ملی ہے لیکن  بارش اور ژالہ باری  کے سبب خریف اور آم کی فصل کو بھاری نقصان بھی پہنچاہے۔ اس کے علاوہ بارش کے سبب کئی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ 
  یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیر سے ہی وردبھ میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم بدھ کی شام سے بارش کے آثار نظر آنے لگے۔   آسمان پر بادل چھا چکے تھے اور کہیں کہیں مدھم بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے موسم یکسربدل گیا تھا ۔لیکن جمعرات  کو ودربھ کے کئی اضلاع میں زوردار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کی جمعرات کی تازہ رپورٹ کے مطابق ودربھ کے تقریباً تمام ہی اضلاع میں بجلیوں کی کڑک کے ساتھ بے موسم بارش، ژالہ باری اور ۴۰ سے ۵۰ فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اشارہ دیا ہے۔ جبکہ اگلے دو دنوں میں ودربھ کے بیشتر  اضلاع کے لئے محکمہ موسمیات نے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شرد پوار کے’معنی خیز‘ بیان پر سیاست میں ہلچل

ناگپور ڈیویژنل محکمہ موسمیات کے مطابق ودربھ کے گڈچرولی، چندرپور، ایوت محل، اکولہ میں ہلکی جبکہ بلڈانہ، واشم، امراوتی، وردھا، ناگپور، بھنڈارہ، گوندیا کے لئے اورینج الرٹ ظاہر کرتے ہوئے بجلی کی کڑک کے ساتھ بارش، ژالہ باری، اور ۴۰ سے ۵۰ فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اشارہ دیا ہے۔ اس دوران ناگپور میں جمعرات کی صبح ۹؍ بجے سے تقریباً تین گھنٹے تک لگاتار بارش ہوئی، بھنڈارہ میں بھی دو دن سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کے دن آسمان پر بادل چھائے رہے، دو دن ہوئی لگار تار بارش سے ربیع کی فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
  چندر پور میں بدھ کو ہلکی اور جمعرات کو تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی خبر ہے۔ وردھا، ایوت محل، بھنڈارہ، گوندیا میں بھی کچھ گھنٹوں تک کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی ہے۔ بھنڈارہ اور گوندیا میں بارش سے کھیتوں میں کٹائی کے بعد رکھی ہوئی دھان پانی میں بھیگ جانے سے کسانوں کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ بلڈانہ ضلع میں بھی مہکر، ساکھرکھیڑا تعلقہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہوئی بھاری بارش سے مکئی، جوار، مونگ پھلی کی فصل کے علاوہ سبزیوں کی کاشت کو نقصان پہنچا ہے۔ واشم میں بھی بدھ کی رات کچھ گھنٹے تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ امراوتی، اور سب سے زیادہ درجہ کا ریکارڈ رکھنے والے اکولہ ضلع میں آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں اور درجہ حرارت کم ہونے سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔
 طوفانی بارش کے سبب پروازیں متاثر 
 جمعرات کی صبح ناگپور شہر میں طوفانی بارش  ہوئی جس کی وجہ سے ناگپور سے ناسک اور پونے جانے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔ ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے بعد دونوں پروازیں اگلے سفر کیلئے روانہ ہوئیں۔  جمعرات کی صبح ۹؍ بجے تیز ہوائوں اور بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ ناسک اور پونے کی پروازوں کو ناگپور ہوائی اڈے پر بہت تیز ہواؤں کی وجہ سے ڈیڑھ گھنٹے کیلئے روکنا پڑا۔ اس صورتحال میں مسافروں کو ایئرپورٹ پر لمبا انتظار کرنا پڑا۔ صبح ۱۰؍ بج کر ۵۰؍ منٹ پر ناگپور سے پونے کی فلائٹ تھی۔ ناگپور سے ناسک کی فلائٹ صبح ۹؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر تھی۔ صبح نو بجے کے قریب گرج چمک کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔ صبح سے آسمان پر بادل چھائے ہوئے تھے اور نو بجے کے قریب شہر مکمل اندھیرے میں ڈوب گیا۔ اس کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہو گئی۔ ہوا کی رفتار بھی بہت زیادہ تھی اس لئے دونوں طیارے ناگپور سے ڈیڑھ گھنٹے تک ٹیک آف نہیں کر سکے۔ آئندہ ۲؍ دنوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ودربھ کے بیشتر اضلاع میں اس سے قبل ۴۰؍ ڈگری سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK