• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی ایم سی کی ملبہ ہٹانے کی اسکیم مشروط ہونے پرشہریوں کیلئے بے فائدہ!

Updated: December 16, 2024, 11:00 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

جانچ کیلئے ایک غیرسرکاری تنظیم نے ۱۳؍ دسمبر کو مرول سے ملبہ ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ شہری انتظامیہ نے ۴۸؍ گھنٹے میں ملبہ ہٹانے کا دعویٰ کیا ہے۔

Debris lying in Marul area which has not been removed even after complaint. Photo: INN
مرول علاقے میں پڑا ہوا ملبہ جسے شکایت کے بعد بھی ہٹایانہیں گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی )نے بڑے زور و شور سے عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کی اسکیم کی شروعات کی ہے اور ٹول فری نمبر بھی جاری کیا ہے۔ لیکن اس کی جانچ کیلئے جب ایک غیر سرکاری تنظیم ’واچ ڈاگ فائونڈیشن‘ نے ۱۳؍ دسمبر کو مضافات کے ایک علاقے میں پڑا ملبہ ہٹانے کا مطالبہ کیا تو اسے اب تک ہٹایا نہیں گیا ہے اور ایک افسر نے انہیں فون پر کہا ہے کہ مرول میں ’کے وارڈ‘ کے زونل سپروائزر سے اجازت ملنے کے بعد ہی ملبہ ہٹایا جائے گا۔ اس طرح اسکیم کے مشروط ہونے کے سبب اس کا شہریوں کو فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔ 
واچ ڈاگ فائونڈیشن کے سربراہ پیمنٹا گوڈفرے نے انقلاب کو بتایا کہ انہوں نے یہ معلوم کرنے کا فیصلہ کیا کہ بی ایم سی نے جو دعویٰ کیا ہے کہ ان سے رابطہ قائم کرنے پر ۴۸؍ گھنٹوں میں ملبہ ہٹا دیا جائے گا، اس میں کتنی صداقت ہے۔ اس لئے انہوں نے ۱۳؍ دسمبر کو بی ایم سی کے ذریعہ جاری کردہ ٹول فری نمبر پر فون کرکے اندھیری مشرق کے ’کے ایسٹ وارڈ‘ کے علاقے مرول میں ملبہ پڑا ہونے کی اطلاع دی اور مطالبہ کیا کہ اسے ہٹایا جائے۔ 
پیمنٹا کے مطابق ۱۳؍ دسمبر ہی کو انہیں بی ایم سی کے ایک افسرگورو کا فون آیا اور انہوں نے اس جگہ کی تفصیلی نشاندہی کامطالبہ کیا جہاں ملبہ پڑا ہوا ہے۔ انہوں نے انہیں مطلوبہ تفصیل فراہم کردی۔ تاہم پیمنٹا نے دعویٰ کیا ہے کہ ۱۵؍ دسمبر اتوار کے روز انہیں اسی افسر نے دوبارہ فون کرکے اطلاع دی کہ وہ مذکورہ مقام سے اس وقت تک ملبہ نہیں ہٹا سکتے جب تک ’کے ایسٹ وارڈ‘ کے زونل سپروائزر سے انہیں اجازت نہیں مل جاتی۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’مودی سرکار اب سیاہ زرعی قوانین عقبی دروازہ سے لاکر تھوپ رہی ہے‘‘

اس تجربہ کی بنیاد پر پیمنٹا نے اتوار کو بی ایم سی کو ای میل بھیج کر مطالبہ کیا ہے کہ ملبہ ہٹانے کی جو اسکیم شروع کی گئی ہے، اس میں ان کے ڈپارٹمنٹ کے اندرونی تال میل کے جو بھی مسائل ہیں، ان سے عوام کو پریشان نہ کیا جائے۔ انہوں نے درخواست کی ہے کہ اس اسکیم کو عوام کیلئے آسان رکھا جائے تاکہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور شہر سے ملبے کا مسئلہ ختم ہو۔ 
بی ایم سی کی اسکیم کیا ہے؟
 بی ایم سی نے چند روز قبل ’ڈیبریس آن کال‘ اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت شہریوں سے فون کال موصول ہونے پر بی ایم سی خود ملبہ اٹھاکر لے جائے گی۔ اس اسکیم کے اہم مقاصد یہ ہیں کہ شہر و مضافات میں جگہ جگہ غیرقانونی طور پر جو ملبہ ڈالا جاتا ہے، یہ بند ہو اور ملبہ کو جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ایسی شکل میں تبدیل کردیا جائے کہ وہ دیگر کاموں میں استعمال ہوسکے۔ اس اسکیم کے تحت بی ایم سی ۵۰۰؍ کلو تک کا ملبہ مفت لے جائے گی۔ ۵۰۰؍ کلو سے زیادہ ملبہ ہٹانے کیلئے معمولی قیمت وصول کی جائے گی۔ 
ٹول فری نمبر
 شہری انتظامیہ نے مشرقی مضافات کیلئے ٹول فری نمبر ۱۸۰۰۲۰۲۶۳۶۴؍ اور مغربی مضافات کیلئے ٹول فری نمبر ۱۸۰۰۲۱۰۹۹۷۶؍  شروع کیا ہے۔ ان نمبروں پر صبح ۸؍ بجے سے شب ۸؍ بجے تک فون کال کرکے ملبہ ہٹانے کی درخواست کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ’مائی بی ایم سی‘ ایپ پر بھی جلد ہی ایسی سہولت مہیا کی جائے گی کہ شہری ۲۴؍ گھنٹوں میں اور ہفتے کے ساتوں دنوں میں کبھی بھی ملبہ ہٹانے کیلئے شہری انتظامیہ کو اطلاع دے سکیں گے۔ 
ملبہ کا کیا ہوگا؟
 ملبہ کو ’اسٹیٹ آف دی آرٹ‘ مشینوں اور جدید ٹکنالوجی کی مدد سے ریت جیسے جُز میں تبدیل کردیا جائے گا۔ اس کے بعد اس سے غیرتعمیراتی اشیاء مثلاً سڑکوں یا فٹ پاتھ پر بچھانے کیلئے ’پیور بلاک‘، سڑکوں کے درمیان لگائے جانے والے ’ڈیوائیڈر‘، پیدل چلنے والے راستوں کے پتھر اور بینچ وغیرہ بنائی جائیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK