• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بی ایم سی کا ممبئی میں۵۰۰؍پارکنگ لاٹ بنانے کا فیصلہ

Updated: August 26, 2024, 10:48 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

شہری انتظامیہ کی جانب سے گاڑیوں کی بڑھتی تعداد کے سبب پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش،جلد ہی ٹینڈر نکالا جائےگا۔

BMC to build hundreds of parking lots to ease traffic problems in Mumbai Photo: INN
ممبئی میں ٹریفک کے مسائل دورکرنے کیلئے بی ایم سی سیکڑوں پارکنگ لاٹ بنائے گی۔ تصویر : آئی این این

عروس البلاد ممبئی میں آبادی کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی تعداد میں بھی بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔ گاڑیوں کی بڑھتی تعداد کے سبب شہریوں کیلئے پارکنگ بہت بڑا مسئلہ بنا گیا ہے۔ بی ایم سی اور ٹریفک انتظامیہ اس مسئلہ کے حل کے لئے مسلسل کوشش کررہا ہے۔ بی ایم سی اور ٹریفک محکمہ شہر میں بڑھتی گاڑیوں کی تعداد پر روک لگانے کیلئے آر ٹی او اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ مل کر جہاں ٹھوس حکمت عملی تیار کرنے پر تبادلۂ خیال کررہے ہیں وہیں بی ایم سی نے شہر اور مضافات میں پارکنگ کے مسئلہ کے حل کیلئے ۵۰۰؍ پارکنگ لاٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 بی ایم سی کے بقول شہر میں بڑھتی آبادی کے ساتھ پرائیویٹ ۲؍ اور ۴؍ پہیہ گاڑیاں خریدنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ایپ کے ذریعہ مسافروں کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی آمد سے بھی گاڑیوں کی تعداد بڑھی ہے۔ پارکنگ کے مسئلہ کو ختم کرنے کیلئے شہری انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ شہر اور مضافات میں ۵۰۰؍ پارکنگ لاٹ بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس پر ٹریفک پولیس نے اپنی رضامندی ظاہر کرتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کا مشورہ دیا ہے۔ بی ایم سی نے شہر اور مضافات میں جگہ کا انتخاب کرکے پارکنگ لاٹ بنانے کی تیاری زور و شور سے شروع کر دی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:کاندیولی: خواتین نے سر راہ شراب پینے والوں کی پٹائی کردی!

بی ایم سی نے پارکنگ کا ٹھیکہ دینے کیلئے جلد ہی ٹینڈر نکالے جانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ شہری انتظامیہ کے ایک افسر کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق شہر اور مضافات میں اس وقت شہریوں کے پاس ۴۸؍ لاکھ سے زائد گاڑیاں ہیں۔ اطلاع کے مطابق اس وقت شہر اور مضافات میں ۳۵؍ پارکنگ لاٹ ہیں جن میں ۱۸؍لاکھ گاڑیاں پارک کی جاتی ہیں ۔ سب سے زیادہ گاڑیوں کو پارک کرنے کی سہولت نئے اور پرانے ایئر پورٹ اور اس کے اطراف فراہم کی گئی ہے۔ 
 بی ایم سی کے بقول پارکنگ زون بنانے میں تاخیر کی اہم وجہ جگہ کی قلت ہے۔ باوجود اس کے بی بی ایم سی نے پارکنگ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سڑکوں پر پارکنگ کی سہولت کے ساتھ ساتھ ملٹی لیئر میکانیکل پارکنگ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ کارپوریشن ایک موبائل پارکنگ ایپ تیار کررہی ہے جس کی مدد سے شہری ایپ کے ذریعہ پارکنگ لاٹ میں پہنچنے سے پہلے اپنی پارکنگ بک کراسکیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK