Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بامبے ہائی کورٹ نے ریلوے کو وجہ بتانے کا حکم دیا!

Updated: March 29, 2025, 11:56 AM IST | Nadeem Asran | Mumabi

ودیا ویہار میں ریلوے کی زمین پر آباد جھوپڑا واسیوں کو زمین خالی کرنے کا نوٹس دیا گیاہے ۔ نوٹس ملنے پر جھوپڑا واسیوں نے بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور داخل کردہ عرضداشت کے ذریعہ ریلوے انتظامیہ کے زمین خالی کرنے کے نوٹس کو چیلنج کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ودیا ویہار میں ریلوے کی زمین پر آباد جھوپڑا واسیوں کو زمین خالی کرنے کا نوٹس دیا گیاہے ۔  نوٹس ملنے پر جھوپڑا واسیوں نے بامبے ہائی کورٹ  سے رجوع کیا اور داخل کردہ عرضداشت کے ذریعہ ریلوے انتظامیہ کے زمین خالی کرنے کے نوٹس کو چیلنج کیا ہے ۔جاری کردہ نوٹس اوردرخواست گزار کے پیش کردہ جواز کا جائزہ لینے کے بعد بامبے ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کوعمل میں لائے بغیر جھوپڑا واسیوں کو نوٹس جاری کرنے کی وجہ بتانے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے سینٹرل ریلوے انتظامیہ کو نوٹس جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کنال کامراکو چنئی ہائی کورٹ سے راحت، گرفتاری پر روک

ودیا ویہار مشرق میں ریلوے کی زمین پر آباد جھوپڑا واسیوں نے سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے کسی متبادل جگہ منتقل کرنے کا انتظام کئے بغیر زمین خالی کرنے کا نوٹس دیئے جانے پر بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کی ہے ۔ تنظیم بنجارا سیوا سنگھ کے ہمراہ ۱۴۰؍ جھوپڑا واسیوں نے وکلاءسمیر اے ویدیا ، آدتیہ پرمار اور زینب خان کے توسط سے بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍ رکنی بنچ کے جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے او ر جسٹس نیلا گوکھلے کے روبرو عرضداشت داخل کی ۔ وکلاء نے کورٹ کو بتایا کہ جھوپڑوں میں رہنے والے افراد گزشتہ ۴۰؍ سال سے ودیا ویہار میں ریلوے کی زمین پر آباد ہیں ۔
وکلاء نے مزید بتایا کہا کہ زمین خالی کرنے اور جھوپڑا واسیوں کو متبادل جگہ دینے کے تعلق سے سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گزشتہ سال پہلا نوٹس جاری کیا گیا ۔ کورٹ سے نوٹس کو منسوخ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ نوٹس جاری کرنے سے قبل نہ تو جھوپڑپٹی میں رہنے والوں سے دستاویزی ثبوت مانگا گیا ، نہ اس سلسلہ میں صفائی کا موقع دیا گیا اور نہ ہی سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کے حوالہ سے کوئی بات سننے پر آمادہ ہوئے ۔ وکلاء نے بتایا کہ جب اس سلسلہ میں جھوپڑا واسیوں نے ریلوے انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا اور سپریم کورٹ کی گائیڈ لائن کے مطابق متبادل جگہ فراہم کرنے کی اپیل کی تو انہوں نے سرے سے تمام جھوپڑا واسیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا ۔بعد ازیں کورٹ نے ریلوے کے نوٹس اور مکینوں کی اپیل کا جائزہ لینے کے بعد نوٹس جاری کیا اورسپریم کورٹ کی گائیڈ لائن پر عمل نہ کرنے کی وجہ بتانے کا حکم  دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK