برازیل نے برکس سمٹ میں غزہ سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ، ساتھ ہی کثیرالجہتی نظام اور مسلح تنازعات کے خاتمے پر زور دیا ۔
EPAPER
Updated: April 29, 2025, 9:59 PM IST | Mexico City
برازیل نے برکس سمٹ میں غزہ سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا ، ساتھ ہی کثیرالجہتی نظام اور مسلح تنازعات کے خاتمے پر زور دیا ۔
برازیل کے وزیر خارجہ نے پیر کو ریو ڈی جنیرو میں منعقدہ برکس اجلاس کے دوران غزہ سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کیا۔ برکس بلاک کے وزرائے خارجہ کا یہ اجتماع جس کی قیادت برازیل، روس، ہندوستان ،چین اور جنوبی افریقہ کر رہے ہیں، امریکہ کی جانب سے عائد کردہ یکطرفہ پابندیوں اور جاری عالمی تنازعات کے جواب میں منعقد کیا گیا ہے۔ اپنے افتتاحی بیان میں وزیر خارجہ ماؤرو ویرا نے فلسطین میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’غزہ پر اسرائیلی بمباری کا ازسرنو آغاز اور انسانی امداد میں مسلسل رکاوٹیں ناقابل قبول ہیں۔۱۵؍ جنوری کو اعلان کردہ جنگ بندی کی ناکامی افسوسناک ہے۔‘‘
ویرا نے مزید کہاکہ ’’اسرائیلی فوجوں کو غزہ سے مکمل طور پر نکالنا ضروری ہے، تمام یرغمالوں اور قیدیوں کی رہائی یقینی بنائی جائے، اور انسانی امداد کی داخلے کو یقینی بنایا جائے۔‘‘ ویرا نے روس-یوکرین جنگ کے چوتھے سال میں داخل ہونے پر پرامن حل کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم تنازعے کے پرامن اور سیاسی حل کیلئے کام جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔‘‘ انہوں نے عالمی سطح پر برکس کے اہم کردار پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’۱۱؍ رکن ممالک کے ساتھ جو دنیا کی تقریباً نصف آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں اور جغرافیائی و ثقافتی تنوع رکھتے ہیں، برکس مکالمے، ترقی اور کثیرالجہتی تعاون کی بنیاد پر امن اور استحکام کو فروغ دینے کی منفرد پوزیشن میں ہے۔‘‘