• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

برہانپور: ماجد حسین نے جے ای ای میں تاریخ رقم کردی

Updated: February 14, 2025, 5:14 PM IST | Burhanpur

۹۹ء۹۹؍ مارکس لے کر مدھیہ پردیش کے ٹاپر بن گئے ،آل انڈیا ٹاپ ۵۰؍ میں ۴؍ مسلم نوجوان شامل۔

Majid Hussain Photo: INN
ماجد حسین۔ تصویر: آئی این این

دارالسرور کہلانے والے تاریخی اہمیت کے حامل ایم پی کے برہانپور شہر کے ماجد حسین نے انجینئرنگ  کے انٹرنس امتحان  جے ای ای ۔مین میں ۹۹ء۹۹؍ فیصد مارکس حاصل کرکے پورے مدھیہ پردیش میں ٹاپ کیا ہے۔  ان کی اس کامیابی سے کنبہ اور رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ اسکول اور شہر کے لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ ماجد کا اگلا نشانہ جے ای ای ایڈوانس میں بہتر کارکردگی ہے۔
 مدھیہ پردیش کے بُرہان پور کے ماجد حسین نے جے ای ای مینس میں پوری ریاست میں ٹاپ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے قومی سطح کے اس انجینئرنگ داخلہ امتحان میں ۹۹ء۹۹؍پرسنٹائل اسکور کیا ہے۔ ماجد  نےآئی اے این ایس  سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے  اہل خانہ کے سر باندھتے ہوئے کہا کہ مجھے شروع سے ہی اپنے  اہل خانہ کا بھرپور ساتھ ملا ۔ میرے والد نے مجھے اچھی سے اچھی تعلیم دی جبکہ میرے اساتذہ نے مجھ پر خوب محنت کی۔ یہ انہی کی محنتوں کا صلہ ہے کہ میں اتنے شاندار رینک سے کامیاب ہوا اور اب ایڈوانس پر دھیان دے رہا ہوں تاکہ اچھا انجینئر بن سکوں اور ملک کی خدمت کرسکوں۔ واضح رہے کہ ماجد نے یہ کامیابی بغیر کسی زائد کوچنگ کلاس کے حاصل کی ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: جی بی ایس مریضوں کی تعداد ۲۰۰؍ کے پار

ماجد کی والدہ سکینہ حسین نے اپنے بیٹے کی کامیابی پر کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ میرے بیٹے نے مدھیہ پردیش میں ٹاپ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماجد اپنی پڑھائی کے تئیں ایماندار ہے۔  اسی لئے میں دوسرے بچوں سے بھی کہوں گی کہ وہ محنت کرتے رہیں انہیں کامیابی ضرور ملے گی۔  قابل ذکر ہے کہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے  جے ای ای  مین کے نتائج جاری کردئیے ہیں۔ ان نتائج پر نظر ڈالی جائے تو یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ جے ای ای میں کم از کم ۱۴؍  طلبہ نے پورے ۱۰۰؍ فیصد مارکس حاصل کئے ہیں۔ اس میںٹاپ راجستھان کے آیوش سنگھل نے کیا ہے جبکہ مہاراشٹر کے وشال جین نے بھی ۱۰۰؍ فیصد مارکس حاصل کئے ہیں لیکن انہیں آل انڈیا رینکنگ میں ۹؍واں مقام ملا ہے۔ٹاپ ۵۰؍ میں ماجد حسین ۱۷؍ ویں ، کشمیر کےکامران بلال بھٹ ۳۲؍ویں،لداخ کے بشیر احمد ۴۲؍ ویں  اور لکش دیپ کے محمد حامد ۴۴؍ویں رینک پر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK