• Wed, 26 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اپنوں کو تلاش کرنےوالوں کو ’گدھ‘ کہنا بے حسی کی انتہا ہے‘‘

Updated: February 26, 2025, 12:04 PM IST | Kannauj

یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی سخت تنقید، کہا: یہ مظلوموں کی توہین ہے۔

Akhilesh Yadav targeted the Yogi government. Photo: INN
اکھلیش یادو نے یوگی حکومت کو جم کر نشانہ بنایا۔ تصویر: آئی این این

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مہاکمبھ میں اپنوں کو تلاش کررہے لوگوں اور مہلوکین کے کنبوں کو ’گدھ‘ کہہ کر توہین کررہے ہیں۔
 یادو نے منگل کو یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ مہا کمبھ میں لوگوں کی بڑی تعداد اب بھی اپنے عزیزوں کی تلاش میں ہے، کہیں بھائی بھائیوں کو ڈھونڈ رہے ہیں، کہیں بیٹے باپ کو تلاش کر رہے ہیں تو بیٹیاں ماؤں کی تلاش میں ہیں۔ بہت سے لوگ ابھی تک نہیں مل سکے ہیں۔ کیا وزیراعلیٰ اپنے عزیزوں کو تلاش کرنے والوں کو’گدھ‘ کہہ رہے ہیں؟ یہ آئینی عہدے پر فائز وزیر اعلیٰ کی بے حسی کی انتہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پٹنہ میںپی ایم سی ایچ کی صد سالہ تقریب

سماجوادی سربراہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ گورکھپور میں گدھ کی افزائش کا مرکز بنا رہے ہیں۔ گدھوں کے بارے میں بات کر کے وہ پریاگ راج مہا کمبھ میں بھگدڑ کے متاثرین اور غم زدہ خاندانوں کی توہین کر رہے ہیں۔ پریاگ راج مہا کمبھ میں ہونے والی بھگدڑ اور خراب انتظام کے ذمہ دار خود وزیر اعلیٰ ہیں۔ وہ کس بات کی نگرانی اور معائنہ کررہے جو اتنا بڑا واقعہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ مہا کمبھ میں بھگدڑ وزیر اعلیٰ اور بی جے پی حکومت کی ناکامی ہے۔ وزیر اعلیٰ جان کی بازی ہارنے والوں کی فہرست نہیں دے سکے۔ حکومت خوفزدہ ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ مرنے والوں کی صحیح تعداد اور لاپتہ افراد کی فہرست نہیں دے پارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ اور دہلی میں بی جے پی کی حکومتیں آپس میں لڑ رہی ہیں۔ لکھنؤ اور دہلی کے لوگ ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں۔ لکھنؤ کے لوگ دہلی کے لوگوں کو ’سور‘ کہہ رہے ہیں۔ سنگم میں گنگا کے پانی کے معیار کو لے کر مرکزی اور ریاستی ایجنسیاں آمنے سامنے ہیں۔ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کہہ رہا ہے کہ پانی صاف ہے، وہیں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گنگا کا پانی نہانے کے قابل نہیں ہے۔ اس کے معیار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ این جی ٹی نے بھی گندگی کو لے کر سوال اٹھایا ہے۔
 گنگا کے پانی کے حوالے  سے ہم لوگوں نے نہیں خود مرکزی حکومت اور اس کی ایجنسیوں نے سوال اٹھایا ہے۔مہا کمبھ میں بھکتوں کو صاف پانی فراہم کرنے کی ذمہ داری ریاستی اور مرکزی حکومت کی تھی لیکن دونوں ہی  حکومتیں ناکام ہو گئی ہیں۔
 ریاست کے سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ  کوئی محض بھگواکپڑے پہن کر یوگی نہیں بن جاتا۔ زبان، برتاؤ اور طرز عمل سے  یوگی بنتے ہیں۔ پورا سناتنی سماج اور عام آدمی جانتا ہے کہ جب راون نے سیتا ماں کو اغوا کیا تھا تو وہ خاص لباس پہن کر آیا تھا اور ہم سب کو ایسے لوگوں سے ہوشیار رہنا ہوگا، جن کی زبان اور سلوک بہت برا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی زبان غیر جمہوری ہے اور وہ سماجوادیوں پر بے بنیاد تبصرہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کو سوشلزم، سوشلسٹ اور جمہوریت کے بارے میں کچھ نہیں معلوم۔ سوشلسٹ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ سب کا احترام کرتے ہیں۔ بی جے پی کی طرح نفرت نہیں پھیلاتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK