کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ملک میں کم تنخواہوں پر کام کرنے والے غیر ملکی مزدوروں کی تعداد کم کرنے کیلئے حکومت کے غیر ملکی عارضی مزدور پروگرام میں تبدیلیاں متعارف کروائیں۔ انہوں نے افرادی قوت میں مقامی آبادی کا فیصد بڑھانے پر زور دیا۔
EPAPER
Updated: August 27, 2024, 10:03 PM IST | Ottawa
کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ملک میں کم تنخواہوں پر کام کرنے والے غیر ملکی مزدوروں کی تعداد کم کرنے کیلئے حکومت کے غیر ملکی عارضی مزدور پروگرام میں تبدیلیاں متعارف کروائیں۔ انہوں نے افرادی قوت میں مقامی آبادی کا فیصد بڑھانے پر زور دیا۔
کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو اعلان کیا کہ ان کی حکومت ملک میں کم تنخواہوں پر عبوری طور پر کام کرنے والے غیر ملکی مزدوروں کی تعداد کو محدود کردیگی۔ ٹروڈو نے اس موقع پر کہا کہ بازار کا رخ بدل چکا ہے۔ اب وقت آچکا ہے کہ کمپنیاں، مقامی مزدوروں اور نوجوانوں میں زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ واضح رہے کہ کنیڈا حکومت کے غیر ملکی عبوری مزدور پروگرام کے تحت غیر ملکی افراد کو ملک میں محدود مدت تک کام کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔ پیر کو متعارف کی گئی تبدیلیوں کے مطابق کم تنخواہ والے شعبوں میں غیر ملکی مزدوروں کی تعداد کو پوری افرادی قوت کے ۱۰؍ فیصد تک محدود کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل یہ حد ۲۰؍ فیصد تھی۔ اس کے علاوہ جن علاقوں میں بے روزگاری کی شرح ۶؍ فیصد یا اس سے زیادہ ہے، وہاں غیر ملکی مزدوروں کی نوکری کرنے کی درخواست منظور نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ہند نژاد کیون پاریکھ موبائل کمپنی آئی فون کے نئے سی ایف او نامزد
کنیڈین حکومت نے غیر ملکی مزدوروں کی ملک میں روزگار کی مدت کو بھی کم کر دیا ہے۔ اب غیر ملکی مزدور کنیڈا میں زیادہ سے زیادہ ایک سال کی مدت تک ہی کام کر سکیں گے۔ اس سے قبل انہیں ۲؍ سال تک کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ٹروڈو نے کہا ہے کہ یہ اصول، تعمیر، طب اور حفظان خوراک کے شعبوں میں لاگو نہیں ہوگا۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق، کنیڈا کیلئے ہجرت کرنے اور وہاں غیر ملکی مزدور کے طور پر کام کرنے کرنے والے ہندوستانیوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کنیڈا کیلئے ہجرت کرنے والے ہندوستانیوں کی تعداد ۲۰۱۳ء میں ۳۲؍ ہزار ۸۲۸؍ تھی جو ۲۰۲۳ء میں ایک لاکھ ۳۹؍ ہزار ۷۱۵؍ تک جاپہنچی ہے۔ اس شرح میں۳۲۶؍ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال ۲۰۲۳ء میں ۲۶؍ ہزار ۴۹۵ ؍ ہندوستانیوں کو کنیڈا میں عبوری غیر ملکی مزدوروں کے طور پر نوکری دی گئی تھی۔
عبوری غیر ملکی مزدوری پروگرام، کنیڈا میں مزدوروں کی کمی کو یہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔غیرملکی مزدوروں کو کم تنخواہ دینے اور ان کے بڑھتے استحصال کی وجہ سے مزدوروں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے سماجی کارکنان نے اس قانون کی مخالفت کر رہے تھے۔