Inquilab Logo Happiest Places to Work

کنیڈا: وینکوور کے اسٹریٹ فیسٹیول میں گاڑی کے ذریعے حملے میں ۹؍ افراد ہلاک

Updated: April 27, 2025, 10:01 PM IST | Ottawa

کنیڈا میں وینکوور کے اسٹریٹ فیسٹیول میں گاڑی کے ذریعے حملے میں ۹؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ۳۰؍ سالہ شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیاہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کنیڈا کے شہر وینکوور میں سنیچرکو ۳۰؍ سالہ ایک شخص نے اسٹریٹ فیسٹیول کے موقع پر اپنی گاڑی کو ہجوم میں گھسا دیا، جس کے نتیجے میں۹؍ افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ مغربی کنیڈا کے اس شہر کی پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شام ۸؍ بجے کے بعد پیش آیا، جب ایک شخص نے اپنی گاڑی وینکوور کے جنوبی علاقے ایسٹ۴۳؍ ایونیو اور فریزر میں منعقد ہونے والے ’’لاپو لاپو فیسٹیول‘‘ کے ہجوم میں چلا دی۔ یہ فلپائنی تہوار۱۶؍ویں صدی میں ہسپانوی استعمار کے خلاف مزاحمت کرنے والے فوجی لیڈر لاپو لاپو کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران: بندرگاہ پر بھیانک دھماکہ، ۱۴؍افراد ہلاک، ۷۵۰؍ زخمی

پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہاکہ ’’ اب تک ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ کل رات لاپو لاپو فیسٹیول کے ہجوم میں گاڑی چلانے کے واقعے میں۹؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہماری ہمدردیاں اس المناک واقعے سے متاثر تمام افراد کے ساتھ ہیں۔‘‘  پولیس نے یہ بھی بتایا کہ’’۳۰؍سالہ شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا ہے، فی الحال، ہمیں یقین ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا عمل نہیں تھا۔‘‘ واقعے کے بعد، کنیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا کہ’’  وہ وینکوور میں لاپو لاپو فیسٹیول پر پیش آنے والے خوفناک واقعات کی خبر سن کر دل برداشتہ ہیں۔ ‘‘ ساتھ ہی انہوں نے ایک تعزیتی پیغام بھی جاری کیا۔ اس کے علاوہ کارنی نے ہنگامی خدمات کے عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جو فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘‘ 
وینکوور کے میئر کین سِم نے کہا کہ وہ اس خوفناک واقعے سے دنگ اور غمزدہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: ’’میرے جذبات اس مشکل وقت میں متاثرہ تمام افراد اور وینکوور کی فلپائنی سماج کے ساتھ ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK