• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

چندرپور: چیچ پلّی کا ماما تالاب چھلکنے سے ۳۰۰؍مکانات زیرآب

Updated: July 22, 2024, 11:16 AM IST | Ali Imran | Chandrapur

موسلادھار بارش کازوربرقرار، ہر طرف پانی ہی پانی، چندر پور- مول سڑک آمدورفت کیلئے بند۔ چندرپور ضلع کے ساتھ ساتھ پورے ودربھ میں شدید بارش کی وجہ سے کئی گاؤں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اورمتعدد دیہاتوں کا زمینی رابطہ ایک دوسرے سے منقطع ہوگیا ہے۔ بجلی سپلائی نظام بھی متاثر۔

This situation has arisen in the surrounding area due to the overflowing of Chich Palli pond during heavy rains. Photo: INN
موسلادھار بارش کے دوران چیچ پلّی تالاب چھلک جانے سےآس پاس کے علاقے میں یہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ تصویر : آئی این این

چندرپور، ودربھ اور اطراف میں  گزشتہ ۳؍دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بالخصوص چندر پور ضلع میں  طوفانی بارش سے کئی گاؤں کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ سڑکیں زیر آب آنے سے گاؤں کا زمینی رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ 
چیچ پلّی میں حالات دگرگوں 
مسلسل دو دنوں سے جاری بارش کی وجہ سے چیچ پلی گاؤں کا ماما تالاب پھٹ جانے سے تقریباً ۳۰۰؍ مکانات میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ دیہاتیوں کومحفوظ مقام پر پہنچانے کا کام جاری ہے۔ جبکہ ہر طرف پانی ہی پانی ہونے کی وجہ سے چندر پور-مول سڑک کو آمدورفت کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی راحت کاری ٹیم امدادی کاموں  میں  مصروف ہے۔ چندرپور ضلع کے علاوہ پورے ودربھ میں شدید بارش کی وجہ سے کئی گاؤں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور کئی دیہات کا رابطہ ایک دوسرے سے منقطع ہو گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق اتوار کی صبح چندر پور کے چیچ پلی گاؤں میں ماما تالاب پھٹنے سے تقریباً تین سو گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ اس سیلابی کیفیت میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچانے کے لئے بہت سے لوگ مدد کےلئے پہنچ گئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’’شردپواربدعنوانوں کے سرغنہ ہیں،راہل گاندھی ہارکر بھی گھمنڈی ہوگئے ہیں‘‘

متاثرین نے نگراں  وزیرسے رابطہ کیا
 ضلع کے سرپرست وزیر سدھیر منگنٹیوار نے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹر کو فوری طور پر متاثرین کو امدادفراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق تالاب کا پانی گھروں میں داخل ہونے کی وجہ سے گھریلو سامان کا بڑے پیمانے نقصان ہوا ہے۔ گاؤں کے لوگوں نے صبح ۶؍بجے سرپرست وزیر سدھیر منگنٹیوار کو فون کرکے اس کی اطلاع دی۔ منگنٹیوار نے اطلاع ملتے ہی ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ ایک لمحے کی تاخیر کئے بغیر راحتی کاموں کو انجام دیں اوربراہ راست چیچ پلی گاؤں کا دورہ کریں۔ وہاں ہونے والے نقصان کا اندازہ لگائیں۔ اس کے ساتھ ہی سرپرست وزیر نے ضلع کلکٹر کو واضح حکم دیا کہ گاؤں کے لوگوں کو فوری طور پر ضلع پریشد اسکول میں عارضی رہائش کیلئے منتقل کیا جائے اور متاثرین کے کھانے کا انتظام کیا جائے۔ 
بتادیں کہ تالاب کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بھاری بارش کی وجہ سے ضلع میں تقریباً ایک ہزار سے ۱۲۰۰؍ مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، اور ضلع کی اہم سڑک ناگبھیڈ-ناگپور ہائی وے سیلابی پانی کی وجہ سے بند ہو گئی ہے۔ حکومت کے حکم کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ تحصیلدار اور زراعت افسر کو مکانات اور کھیتوں کے نقصان کے لئے امدادی کاموں کا پنچنامہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
پومبھورنا میں مکان کی دیوار گری، ۵؍افراد زخمی
پومبھورنا تعلقہ کے جام کھورد میں ایک مکان کی دیوار گرنے سے ۵؍ افراد زخمی ہوئے جو دیہی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ضلع میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے اور اگلے دو تین دنوں کے لئے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ لہٰذا شہری سیلاب کی صورت حال میں مناسب احتیاط کریں۔ مدد کیلئے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کنٹرول روم سے بھی 07172-250077 اور 07172-272480 پر رابطہ کریں۔ کلکٹر ونئے گوڑا نے بھی شہریوں سے سیلاب کی صورتحال میں محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK