• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجھے منوج جرنگے پا ٹل کا مقابلہ کرنے کی سزا دی گئی ہے : چھگن بھجبل

Updated: December 17, 2024, 6:23 PM IST | Agency | Nagpur

سینئر لیڈر کو کابینہ میں شامل نہ کئے جانے پر حامیوں میں ناراضگی ، ناسک اور بلڈانہ میں احتجاج، بھجبل کو منانے کی تمام کوششیں ناکام ۔

Will Chhagan Bhujbal open a new front again? Photo: INN
کیا چھگن بھجبل پھر کوئی نیا محاذ کھولیں گے؟ تصویر: آئی این این

این سی پی کے سینئر لیڈر چھگن بھجبل کو کابینہ میں شامل نہ کئے جانے پر ان کے حامیوں میں ناراضگی ہے۔ انہوں نے اسے او بی سی سماج کی توہین قرار دیا ہے۔ ناسک اور بلڈانہ میں ان کے حامیوں نے احتجاج بھی کیا۔  خود چھگن بھجبل بھی ناراض ہیں اور انہوں نے ناگپور کے سرمائی اجلاس  کو چھوڑ کر ناسک کی راہ لی۔  انہیں منانے کی اب تک کی ساری کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ بھجبل کا کہنا ہے کہ انہیں مراٹھا کارکن  منوج جرنگے کی مخالفت کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔ حامیوں کا احتجاج جیسے ہی یہ خبر عام ہوئی کہ چھگن بھجبل کو کوئی بھی قلمدان نہیں ملا ہے اور انہوں نے ناراض ہو کر ناگپور سے رخصت لی ہے۔ ناسک میں بھجبل کے حامیوں نے ونچور علاقے میں اورنگ آباد۔ ناسک ہائی وے کو جام کر دیا ۔ وہ حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور بھجبل کو کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ اسی طرح کا احتجاج بلڈانہ میں بھی دیکھنے کو ملا جہاں  سندھ کھیڑ راجا تعلقے میں ناگپور۔ پونے ہائی وے پر بیٹھ کر بھجبل کے حامیوں نے احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھئے: کانگریس کی پہلی بار مہاراشٹر اسمبلی کے کسی اجلاس میں بغیر گروپ لیڈر کے شرکت

او بی سی کارکن لکشمن ہاکے نے اس موقع پر کہا کہ بھجبل کو کابینہ میں شامل نہ کیا جانا او بی سی سماج کی توہین ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اجیت پوار کا ارادہ جینت پاٹل اور روہت پوار کو کابینہ میں شامل کرنے کا ہے اس لئے بھجبل جیسے سینئر لیڈر کو کنارے لگا دیا گیا۔   بھجبل کو منانے کی کوششیں ناکام    اس دوران اجیت پوار نے اپنے قریبی پرمود ہندو رائو کو بھجبل کو منانے کیلئے بھیجا۔ انہیں راجیہ سبھا کی رکنیت کی پیش کش کی گئی لیکن بھجبل نے اسے قبول کرنے سے انکار کردیا۔ ایک ٹی وی چینل نے جب بھجبل سے پوچھا کہ ’’ آپ کی اعلیٰ کمان سے کیا بات ہوئی ؟ تو انہوں نے تلخ لہجے میں کہا ’’ کون اعلیٰ کمان؟‘‘ جب ان سے نام لے کر پوچھا گیا کہ ’’ کیا اجیت پوار سے آپ کی کوئی بات ہوئی ہے ؟ تو انہوں نےاس کا جواب تک دینا مناسب نہیں سمجھا۔  منوج جرنگے کا مقابلہ کرنے کی سزا؟ ایک اورجگہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر لیڈر نے کہا کہ جب بیڑ میں او بی سی لیڈران کے گھر جلائے جا رہے تھے۔ جگہ جگہ تشدد ہو رہا تھا۔ اس وقت کوئی وہاں جانے کیلئے تیار نہیں تھا۔  صرف میں بیڑ گیا تھا اور اس تشدد کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ انہوں نے کہا ’’ میں نے او بی سی سماج کو متحد کرکے آواز اٹھائی جس کی سزا مجھے دی گئی ہے۔‘‘ بھجبل نے انکشاف کیا کہ میں نے گزشتہ سال نومبر میں اپنا استعفیٰ دیدیا تھا اور او بی سی سماج کو متحد کرنے کیلئے نکل پڑا تھا ۔ مجھے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کا فون آیا کہ آپ کو میڈیا کے سامنے جو کہنا ہے وہ کہیں لیکن استعفیٰ کی بات نہ کریں۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ میں خاموش رہا لیکن استعفیٰ دیدینے کے ڈھائی مہینے بعد بھی لوگ یہی کہتے رہے کہ آپ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر اتنی باتیں کیوں نہیں کرتے؟ ‘‘ اطلاع کے مطابق چھگن بھجبل جلد ہی او بی سی سماج کا ایک اجلاس بلائیں گے اور نئے سرے سے جدوجہد شروع کریں گے حالانکہ این سی پی کے لیڈران  انہیں منانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔  یہ بھجبل کے کرموں کا پھل ہے: سنجے رائوت  اس دوران شیوسینا ( ادھو) کے ترجمان سنجے رائوت نے چھگن بھجبل پر یہ کہتے ہوئے طنز کیا ہے کہ ’’ یہ سب بھجبل کے کرموں کا پھل ہے۔‘‘ رائوت نے کہا ’’شرد پوار نے چھگن بھجبل کو عہدہ دیا، انہیںعزت دی، ہر وقت ان کاساتھ دیا لیکن اس کا صلہ چھگن بھجبل نے یہ دیا کہ وہ  عہدے کی خاطر ان کاساتھ چھوڑ کر بی جے پی کے ساتھ چلے گئے۔ اب بی جے پی کا مطلب نکل گیا ہے اس لئے اس نے بھجبل کو کنارے لگا دیا ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK