زیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے منگل کی رات مقتول سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے یقین دلایا کہ دیشمکھ کے قتل میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی صورت میں بچایا نہیں جائے گا۔ ہر ایک مجرم کو سزا ملے گی۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 4:54 PM IST | Agency | Mumbai
زیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے منگل کی رات مقتول سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے یقین دلایا کہ دیشمکھ کے قتل میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی صورت میں بچایا نہیں جائے گا۔ ہر ایک مجرم کو سزا ملے گی۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے منگل کی رات مقتول سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے یقین دلایا کہ دیشمکھ کے قتل میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی صورت میں بچایا نہیں جائے گا۔ ہر ایک مجرم کو سزا ملے گی۔ یاد رہے کہ بیڑ ضلع کے مساجوگ گائوں کے سرپنچ سنتوش دیشمکھ کو ۹؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا تھا۔ وجہ یہ تھی کہ انہوں نے والمیک کراڈ اور اس کے ساتھیوں کی ہفتہ وصولی کی مخالفت کی تھی۔ والمیک کراڈ کو وزیر خوراک دھننجے منڈے کا قریبی بتایا جاتا ہے ۔
اب تک ریاست کے تقریباً تمام بڑے لیڈران سنتوش دیشمکھ کے گھر جا کر ان سے ملاقات کر چکے ہیں ۔ صرف وزیراعلیٰ فرنویس نے ان سے ملاقات نہیں کی تھی۔ منگل کی شام انہوں نے دیشمکھ کے اہل خانہ کو ممبئی بلایا اور اپنے بنگلے ساگر پران سے ملاقات کی۔
اس موقع پر سنتوش دیشمکھ کی بیوہ، ان کے بھائی اور بیٹی کے علاوہ بی جے پی رکن اسمبلی سریش دھس بھی موجود تھے جو ان دنوں بڑے زور وشور سے اس معاملے کو اٹھا رہے ہیں ۔ فرنویس نے دیشمکھ کے اہل خانہ سے کہا’’ بیڑ کیس میں جتنے بھی لوگ ملوث ہیں سب کو سزا ہوگی۔ ان میں سے کسی کو بھی چھوڑا نہیں جائے گا، ہر کسی کو سخت سزا دی جائے گی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ریاستی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ بیڑ میں جتنی گینگ ہفتہ وصولی میں ملوث ہے یا جو لوگوں کو ہراساں کرتی ہیں، ان سب کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔ پولیس ان لوگوں کی مکمل صفائی کرنے کے بعد ہی چین سے بیٹھے گی ۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ اس معاملے میں نہ کسی چیز کو چھپایا جائے گا نہ ہی کسی کو بچایا جائے گا۔ اگر دیشمکھ کے اہل خانہ کو کسی پر شک ہے اور وہ اس کا نام بتاتے ہیں تو اسے بھی تفتیش کے دائرے میں لایا جائے گا۔ اس معاملے میں مکمل تفتیش ہوگی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنتوش دیشمکھ کے بھائی دھننجے دیشمکھ نے کہا کہ’’ ہم نے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ اس معاملے کی مکمل طور پر جانچ کی جائے اورجو بھی اس کا کلیدی ملزم ہے اسے سامنے لایا جائے۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ ہم نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کچھ ثبوت بھی پیش کئے اور انہیں کچھ دستاویز بھی دیئے۔‘‘ دھننجے نے کہا کہ’’ ہم نے انہیں بتایا کہ جن لوگوں کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ان پر پہلے بھی کئی طرح کے الزامات لگ چکے ہیں اور گزشتہ سال ۲۸؍ مئی سے اب تک متعدد ایف آئی آر ان پر درج کی جا چکی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ وزیر اعلیٰ نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ اس معاملے میں انصاف ہوگا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: بی جے پی پر وزیراعلیٰ کی رہائش سے متعلق جھوٹ پھیلانے کا الزام
سریش دھس کی اجیت پوار سے ملاقات
منگل ہی کی شام کو بی جے پی رکن اسمبلی سریش دھس نے این سی پی سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے بتایا کہ میں نے اجیت پوار کو بتایا کہ والمیک کراڈ کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ اس پر قتل کا مقدمہ چلایا جانا چاہئے اور مکوکا کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے۔ دھننجے منڈکے استعفیٰ کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’’ میں نے کبھی بھی دھننجے منڈے کے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا۔ میں نے ہمیشہ یہی کہا کہ بیڑ کے حالات بہت خراب ہے اور وہاں جرائم پیشہ لوگوں پر قدغن لگانا ضروری ہے‘‘ یاد رہے سریش دھس لگاتارمنڈے پر تنقید کر رہے ہیں ۔