Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کے ۱۴۵؍ فیصد کے جواب میں چین کا ۱۲۵؍ فیصد کا جھٹکا

Updated: April 12, 2025, 11:53 AM IST | Beijing

بیجنگ جھکنے کو تیار نہیں، شی جنگ پنگ نے یورپی یونین کو بھی واشنگٹن کی’’غنڈہ گردی‘‘ کیخلاف مزاحمت کیلئے للکارا۔

Chinese President Xi Jinping with Spanish Prime Minister Pedro Sanchez. Photo: INN
چین کے صدر شی جنگ پنگ اسپین کے وزیراعظم پیدرو شانچیز کےساتھ۔ تصویر: آئی این این

امریکہ میں چینی درآمدات پر ٹرمپ انتظامیہ کے ذریعہ ٹیرف (درآمدی ٹیکس)  بڑھا کر ۱۴۵؍ فیصدکئے جانے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بیجنگ  نے امریکی مصنوعات پر ۱۲۵؍ فیصد کا ٹیرف عائد کردیاہے۔اس واضح  اعلان  کے ساتھ کہ چین ٹیرف کی اس لڑائی میں   امریکہ کے آگے جھکے گا نہیں،  چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ’’ٹیرف جنگ میں کوئی فاتح  نہیں  ہوگا۔‘‘البتہ انہوں نے اسے امریکہ کی ’’غنڈہ گردی‘‘قرار دیتے ہوئے یورپی یونین کو بھی للکارا ہےکہ وہ اس کے خلاف اٹھ کھڑا  ہو۔شی جن پنگ جو اسپین کے دورہ پر ہیں، نے   وزیراعظم  پیدرو شانچیز کے ساتھ بات چیت میں  یورپی یونین کو دعوت دی کہ امریکی غنڈہ گردی کا چین کے ساتھ مل کر مقابلہ کرے۔ 
اس بیچ چین کے کسٹمز ٹیرف کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ سے چین آنے والے سامان پر ٹیکس میں مزید اضافہ امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر محصولات کو۱۴۵؍ فیصد تک بڑھانے کے جواب میں کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل چین نے امریکی مصنوعات پر۸۴؍ فیصد تک محصولات عائد کئے تھے۔ 
ٹیرف کمیشن کا کہنا ہے کہ امریکی مصنوعات نے چینی منڈی میں اپنی مسابقت کھو دی ہے اور خبردار کیا کہ اگر واشنگٹن کی جانب سے محصولات بڑھانے کا سلسلہ جاری رہا تو یہ’’عالمی معاشی تاریخ کا ایک مذاق‘‘ بن جائے گا۔
اُدھرامریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے چین کو عالمی تجارت میں سب سے بڑا قصوروار قرار دیا اور پیش گوئی کی کہ چین کا ردعمل خود اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ادھر چین کو اندرونی معاشی سست روی کا بھی سامنا ہے۔ گولڈمین سکس نے  چین کی  ۲۰۲۵ء کی جی ڈی پی  کے تعلق سے جو تخمینہ پیش کیا  تھا، ٹیرف جنگ کے بعد  اس کو کم کرکے ۴؍  فیصد کر دیا ہے۔ اس کی وجہ عالمی سطح پر ڈیمانڈ  میں کمی اور تجارتی دباؤ کو قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: نیویارک میں ہیلی کاپٹر کا دردناک حادثہ، سیمنس کمپنی کے سی ای او اہلیہ اور ۳؍ بچوں سمیت ہلاک

 چین اب اور جواب نہیں دیگا

ٹیرف جنگ میں امریکہ اور چین کے درمیان  جاری بچوں جیسی لڑائی میں بیجنگ نے سمجھداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ اب تک امریکہ کی جانب سے ٹیرف عائد کیا جاتا ہے تب بھی چین جوابی اعلان نہیں  کریگا۔ بیجنگ کےمطابق امریکی اشیاء   چین میں جو ٹیکس (۱۲۵؍ فیصد) عائد کردیاگیاہے اس  کے بعد وہ مقابلہ سے باہر ہوچکی ہیں۔ بیجنگ کے مطابق’’اگر اب واشنگٹن اضافہ کرتا ہے تو چین اسے نظر انداز کریگا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK