Inquilab Logo Happiest Places to Work

کولمبیا: صدر نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کی، فلسطینیوں کی حالت زار کو عیسیٰؑ کے مصائب سے تشبیہ دی

Updated: April 19, 2025, 9:37 PM IST | Inquilab News Network | Bogota

کولمبیئن لیڈر نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم پر کھل کر تنقید کی ہے اور بارہا صہیونی حکومت پر جنگی جرائم کے الزامات عائد کئے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے نسل کشی کے الزامات کی تردید کی ہے۔

Gustavo Petro. Photo: INN
گستاوو پیٹرو۔ تصویر: آئی این این

لاطینی امریکی ملک کولمبیا کے صدر گوستاوو پیٹرو نے جمعہ کی دیر رات گئے ایک بیان میں غزہ میں اسرائیل کے اقدامات کی مذمت کی اور فلسطینیوں کی حالت زار کو عیسیٰؑ مسیح کے دکھوں سے تشبیہ دی۔ پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا، "عیسیٰؑ کی مصیبت اور موت کے لمحے میں، آئیے ہم فلسطین کے عوام کے متعلق سوچیں، جہاں سے وہ (عیسیٰؑ) تعلق رکھتے ہیں۔ فلسطینی اب ایک خونریز نسل کشی کا سامنا کررہے ہیں۔" 

یہ بیان انہوں نے ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کے متعلق ایک پوسٹ کے جواب میں دیا۔ ابو صفیہ ایک ممتاز فلسطینی معالج اور شمالی غزہ میں واقع کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ہیں اور مبینہ طور پر اسرائیلی حراست میں تشدد کے بعد نازک حالت میں ہیں۔ یاد رہے کہ انہیں رواں سال کے آغاز میں اسرائیلی فورسیز نے مبینہ طور پر حراست میں لیا تھا۔ حالیہ ہفتوں میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور مقامی میڈیا آؤٹ لیٹس نے حراست کے دوران ان کے ساتھ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کے ساتھ کی گئی شدید بدسلوکی اور ان کی بگڑتی صحت کا حوالہ دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ فلسطینیوں،ان کے مدد گاروں کا اجتماعی قبرستان بن چکا ہے: ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز

پیٹرو کا بیان عیسائیوں کے مقدس ہفتے کے موقع پر آیا جس نے اس کی علامتی اہمیت کو مزید بامعنی بنا دیا۔ واضح رہے کہ کولمبیئن لیڈر نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم پر کھل کر تنقید کی ہے اور بارہا صہیونی حکومت پر جنگی جرائم کے الزامات عائد کئے ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے نسل کشی کے الزامات کی تردید کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس کی کارروائیاں حماس کے عسکریت پسندوں کو نشانہ بناتی ہیں، نہ کہ شہریوں اور طبی عملے کو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK