• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کولمبیا: صدر گستاو پیٹرو کا فلسطین کے شہر راملہ میں سفارت خانہ کھولنے کا حکم

Updated: May 23, 2024, 3:08 PM IST | Colombia

یہ اقدام کولمبیا کے بائیں بازو کے لیڈر پیٹرو کے غزہ کی جنگ پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے۔ سفارت خانہ ۳؍ مئی کو بند کر دیا گیا تھا۔

Colombian President Gustavo Petro. Photo: INN.
کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو۔ تصویر: آئی این این۔

کولمبیا کے وزیر خارجہ لوئس گلبرٹو موریلو نے کہا ہے کہ لاطینی امریکی ملک کے صدر گستاو پیٹرو نے فلسطین کے شہر راملہ میں سفارت خانہ کھولنے کا حکم دیا ہے۔ یہ اقدام کولمبیا کے بائیں بازو کے لیڈر پیٹرو کے غزہ کی جنگ پر اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے۔ سفارت خانہ۳؍ مئی کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر موریلو نے کہا کہ صدر پیٹرو نے حکم دیا ہے کہ ہم راملہ میں کولمبیا کا سفارت خانہ کھولیں، راملہ میں کولمبیا کی نمائندگی، یہ اگلا قدم ہے جو ہم اٹھانے جا رہے ہیں۔ پیٹرو نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو پر کڑی تنقید کی ہے اور بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل پر نسل کشی کا الزام لگانے والے جنوبی افریقہ کے مقدمے میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے۔ یہ اعلان اسی دن کیا گیا جب اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے۲۸؍ مئی کو مشترکہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کے اوسان خطا،تین یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور ملک تسلیم کر لیا

کولمبیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ زیادہ سے زیادہ ممالک فلسطین کو تسلیم کریں گے اور یہ اسرائیل یا یہودیوں کے خلاف نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے اوسلو معاہدوں کے تناظر میں اس بات پر اتفاق کیا کہ دو ریاستی حل پیدا کیا جائے گا، اور اگر دو ریاستوں کی ضرورت ہے تو فلسطین کو مکمل ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK