• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس کا راہل گاندھی کی قیادت میں ’’بھارت نیائے یاترا‘‘ نکالنے کا فیصلہ

Updated: December 27, 2023, 2:16 PM IST | New Delhi

کانگریس نے راہل گاندھی کی قیادت میں منی پور سے ممبئی تک ’’بھارت نیائے یاترا‘‘ (Bharat Nyay Yatra) نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز ۱۴؍ جنوری جبکہ اختتام ۲۰؍ مارچ کو ہوگا۔ یہ یاترا ۱۴؍ ریاستوں جبکہ ۸۵؍ اضلاع سے گزرے گی۔ یاترا میں ملک کے عوام کیلئے معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف کی ضرورت اور اہمیت پرتوجہ دی جائے گی۔

Rahul Gandhi during Bharat Jodu Yatra. Photo: INN
راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے آج راہل گاندھی کی قیادت میں منی پور سے ممبئی تک ’’بھارت نیائے یاترا‘‘ نکالنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز ۱۴؍ جنوری سے ہوگا۔ یاترا میں ۱۴؍ ریاستوں اور ۸۵؍ اضلاع کو کور کیا جائے گا۔ ۶؍ہزار ۲۰۰؍ کلومیٹر کا احاطہ کرنے والی اس یاترا کا اختتام ۲۰؍ مارچ کو ہوگا۔ یہ یاترا منی پور، ناگالینڈ، آسام ، جھارکنڈ، میگھالیہ، مغربی بنگال، بہار، جھارکنڈ، ادیشہ، چھتیس گڑھ، اترپردیش، مدھیہ پردیش، راجستھان، گجرات اور مہاراشٹر سے ہو کر گزرے گی اور ممبئی میں ختم ہو گی۔

اس ضمن میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے بعد کانگریس نے راہل گاندھی کی قیادت میں ’’بھارت نیائے یاترا‘‘ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ۱۴؍ جنوری کو ملکار جن کھرگے امپھال سے اس یاترا کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔کانگریس نے ۲۸؍ دسمبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ناگپور میں ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ریلی، جس کا نام ’’ہیں تیار ہم ‘‘(وی آر ریڈی ) ہے، ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس کا بگل بجائے گی۔ تاہم ، بھارت نیائے یاترا کا ہدف ملک کے عوام کے سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف کو محفوظ رکھنا ہوگا۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ کانگریس نے منی پور سے ممبئی تک ۱۴؍ جنوری تا ۲۰؍ مارچ تک بھارت نیائے یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی قیادت راہل گاندھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: انڈیا اتحاد کے درمیان سیٹوں کی تقسیم جلد

یاترا میں جوان، خواتین اور ملک کے پسماندہ طبقات سے ملاقات کرے ان کے مسائل سمجھنے کی کوشش کی جائے گی۔ یاترا پیدل اور بس کی مدد سے مکمل ہوگی۔ واضح رہے کہ کانگریس نے ۲۱؍ دسمبر کو ایک میٹنگ کے دوران یہ یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا تھا جس کا مقصد راہل گاندھی کی بھارت جوڑور یاترا کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنا ہے۔ جب کے سی وینو گوپال سے پوچھا گیا کہ کانگریس نے کیوں یاترا کا آغاز منی پور سے کرنے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ملک کا اہم حصہ ہے اور پارٹی نے اس طرح سے شمال مشرق کے لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ منی پور کی میتی اور کوکی برادری کے درمیان ۳؍ مئی کو تشدد پھوٹ پڑا تھا جس کے سبب ۱۸۰؍ سے زائد افراد کی موت ہوئی تھی جبکہ متعد د بے گھر ہوئے تھے۔ کوکی برادری نے الگ انتظامیہ کا مطالبہ کیا ہے جسے حکومت نظر انداز کر رہی ہے۔ 

جے رام رمیش نے مزید کہا کہ بھارت جوڑویاترا میں معاشی تفاوت، پولرائزیشن اور آمریت جیسے مسائل پر توجہ دی گئی تھی جبکہ بھارت نیائے یاترا ملک کے عوام کیلئے سماجی، معاشی اور سیاسی انصاف کی ضرورت اور اس کی اہمیت پر زوردے گی۔ محبت، اتحاد اور امن کا پیغام دینے کے بعد راہل گاندھی اب ملک کے عوام کیلئے انصاف کا مطالبہ کریں گے۔ جے رام رمیش نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا ہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں ہم نے آئین کی تمہید کے اہم ستونوں جیسے، آزادی، اتحاد اور بھائی چارہ پر زور دیا تھا لیکن اب بھارت نیائے یاترا میں آئین کے سب سے اہم ستون انصاف، لوگوں کیلئے معاشی، سماجی اور سیاسی انصاف پر زور دیا جائے گا۔آئین پر مسلسل حملوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

کے سی وینو گوپال نے یہ سوال کرنے پر کہ انڈیا اتحاد کی پارٹیاں بھی اس یاترا میں شرکت کریں گی یا نہیں؟ جواب دیا کہ اس معاملے میں تفصیل سے فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ راہل گاندھی نے ۲۰۲۲ء میں کشمیر سے کنیاکماری تک بھارت جوڑو یاترا نکالی تھی جس کا اختتام امسال ۳۰؍ جنوری کو ہوا۔ اس یاترا میں کئی اہم شخصیات نے حصہ لیا تھا جبکہ یاترا کے بعد راہل گاندھی کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK