Updated: August 04, 2024, 10:00 PM IST
| Rajkot
ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں راجو سولنکی، اس کے بھائی جیش، اس کے بیٹے سنجے اور دیو اور اس کا بھتیجا یوگیش بگڈا شامل ہیں۔ شکایت کے مطابق، پانچوں مبینہ طور پر پچھلے دس برسوں سے قتل کی کوشش، پولیس اہلکاروں پر حملہ، چوری، ڈکیتی، فسادات، بھتہ خوری، اغوا اور دھمکی وغیرہ جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
دلت لیڈر راجیش عرف راجو سولنکی۔ تصویر: ایکس۔
کانگریس کے دلت لیڈر راجیش عرف راجو سولنکی کی جانب سے اسلام قبول کرنے کی دھمکی دینے کے تین ہفتے بعد راجو اور اس کے خاندان کے چار افراد کے خلاف گجرات کنٹرول آف ٹیررازم اینڈ آرگنائزڈ کرائم (GUJCTOC) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان پر۲۰۱۴ء سے کرائم سنڈیکیٹ چلانے کا الزام لگایا ہے۔ جوناگڑھ ضلع کی لوکل کرائم برانچ (ایل سی بی) کے انچارج انسپکٹر جے جے پٹیل نے ایک شکایت درج کرائی جس کی وجہ سے ایف آئی آر کو گجرات کنٹرول آف ٹیررازم اینڈ آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کی دفعہ ۳؍(ایک)(۲؍)، ۳؍(۴؍) کے تحت درج کیا گیا جس کا تعلق منظم جرائم کے ساتھ آرمز ایکٹ سے ہے۔ واضح رہے کہ سنیچر کی صبح جوناگڑھ کے اے ڈویژن پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: کیرالا ہائی کورٹ: ملیالم نیوز چینل کے ایڈیٹرز کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ خارج
ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں راجو سولنکی، اس کے بھائی جیش، اس کے بیٹے سنجے اور دیو اور اس کا بھتیجا یوگیش بگڈا شامل ہیں۔ راجو سولنکی نے اس سے دھمکی د یتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت نے بی جے پی ایم ایل اے گیتابا جڈیجہ اور اس کے شوہر کے خلاف کارروائی نہیں کی تو وہ اپنے خاندان سمیت اسلام قبول کرلیں گے۔ اس واقعے کے بعد اب ان پر اور ان کے خاندان کے افراد پر سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ انسپکٹر پٹیل کے مطابق سولنکی اور اس کے رشتہ دار تقریباً ایک دہائی سے منظم جرائم میں ملوث ہیں۔