دو روزہ اجلاس کے پہلے دن کانگریس کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز گروپ’ کانگریس ورکنگ کمیٹی ‘کی ایک میٹنگ ہوگی۔
EPAPER
Updated: April 08, 2025, 10:50 AM IST | Ahmedabad
دو روزہ اجلاس کے پہلے دن کانگریس کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز گروپ’ کانگریس ورکنگ کمیٹی ‘کی ایک میٹنگ ہوگی۔
کانگریس کے قدآور لیڈر رہے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے گجرات کا احمد آباد پیر (۷؍اپریل)کو۸؍ اور۹؍ اپریل کو ہونے والے کانگریس کے اجلاس کے لئے پوری طرح سے سج کر تیار ہے ۔ ایک روز پہلے پیر ہی سے اس اجلاس میں شرکت کے لئے ملک کے مختلف حصوں سے قومی لیڈروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
گجرات میں دو سال بعد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل منعقد ہونے والے اس اجلاس کے پہلے دن کانگریس کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز گروپ’ کانگریس ورکنگ کمیٹی‘ کی ایک میٹنگ ہوگی اور دوسرے دن ایک سیشن ہوگا جس میں ضلع، ریاستی اور مرکزی سطح پر کانگریس کو تنظیمی طور پر مضبوط کرنے، انتخابات کے دوران ہونے والی بے ضابطگیوں کا مقابلہ کرنے، ہر الیکشن جیتنے کی پالیسی اپنانے جیسے کئی مسائل پر بات چیت ہونے کی امید ہے۔ گجرات اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کنونشن کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کنونشن کے لئے احمد آباد کے ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ اور ہوائی اڈے سے لے کر کنونشن کے مقام تک ہر راستے کو کانگریس کے جھنڈوں، بینروں اور پوسٹروں سے سجایا گیا۔
کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، پارٹی صدر ملکارجن کھرگے اور سابق صدر راہل گاندھی کی تصویروں والے پوسٹر ہر چوراہے اور اہم جگہ پر لگائے گئے ۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ کنونشن میں آنے والے لیڈروں، صحافیوں اور کارکنوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ریاستی کانگریس کے کارکنوں کو وہاں مامور کیا گیا جو آسانی سے شناخت کیلئے گلے میں کانگریس کا پرچم ڈالے ہوئے تھے۔ بہت سے دوسرے کارکن سفید ٹی شرٹس میں تھے جن پر کانگریس کے اجلاس کا بیج چھپا ہوا تھا۔ پیر کو کانگریس کارکنوں نے کنونشن میں آنے والے مہمانوں کو گجرات کی روایت کے مطابق ماتھے پر تلک لگا کر اور پھولوں کی مالا پہنا کر انتہائی احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا ۔ کانگریس ذرائع کے مطابق کنونشن میں ہزاروں لیڈروں اور کارکنوں کی شرکت متوقع ہے۔ تمام ضلعی صدور، رکن پارلیمنٹ، سابق رکن پارلیمنٹ ، وزیراعلیٰ، قانون ساز پارٹی کے لیڈر، سابق وزیراعلیٰ، اراکین اسمبلی اور ریاستی کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کانگریس کا یہ اجلاس تاریخی اور انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس دو روزہ اجلاس میں ۳؍ ہزار سے زائد کانگریس لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ سی ڈبلیو سی کی میٹنگ صبح۱۱؍ بجے شروع ہوگی۔ یہ ایک اہم میٹنگ ہوگی جس میں موجودہ ماحول میں کانگریس کے کردار اور جمہوریت کے تحفظ میں کانگریس کے رول جیسے مسائل پر بات چیت ہونے کا امکان ہے۔
اس دوران پیر کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کنونشن کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے کہا کہ کانگریس کا کنونشن مختلف برادریوں کا اجتماع ہے جس میں انتہائی پیچیدہ مسائل کو جمہوری طریقے سے حل کرنے پر تبادلۂ خیال کیا جا ئے گا ۔ اس کنونشن میں بھی ملک کو درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنے کی روایت باہمی گفت و شنید کے ذریعے آگے بڑھائی جائے گی۔