• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کانگریس کی جیت راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا ثمرہ ہے: ملکارجن کھرگے

Updated: June 09, 2024, 1:00 PM IST | Agency | New Delhi

ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے کانگریس صدر کا خطاب ، کہا’’ جہاں جہاں سے یاترا گزری وہاں کانگریس کے ووٹ اور سیٹوں میں اضافہ ہوا۔‘‘

Sonia Gandhi and Mallikarjan Kharge. Photo: PTI
سونیاگاندھی اور ملکارجن کھرگے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے حالیہ لوک سبھا الیکشن کو راہل گاندھی کی’ بھارت جوڑ یاترا‘ کا ثمرہ قرار دیا۔ کھرگے سنیچر کو دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں راہل گاندھی کو اپوزیشن لیڈر منتخب کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے پرینکا گاندھی کی بھی تعریف کی اور بی جے پی کی ہار کو آمریت کی شکست قرار دیا۔ 
 کانگریس صدر نے پارٹی کی جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ’’ میں لوگوں کے چہیتے راہل گاندھی جی کو مبارکباد دینا چاہوں گا، جنھوں نے آئین، معاشی عدم مساوات، بے روزگاری اور سماجی انصاف و خیر سگالی جیسے موضوعات کو مضبوطی کے ساتھ اٹھایا۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’یہ راہل جی کی قیادت میں دو سال قبل چار ہزار کلومیٹر طویل ’بھارت جوڑو یاترا‘ اور پھر ۶۶۰۰؍ کلومیٹر طویل ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کا ثمرہ ہے، جس کی مدد سے ہمیں عوام سے رابطہ کرنے اور ان کے مسائل، ضروریات و خواہشات کو سمجھنے میں مدد ملی۔ اسی بنیاد پر کانگریس پارٹی نے اپنی انتخابی مہم تیار کی۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’اسمبلی الیکشن میں نام لے کر بتائوں گا کہ کس کس کو ہرانا ہے‘‘

انہوں نے کہا’’یہاں میں اس بات کا بھی خاص تذکرہ کرنا چاہوں گا کہ جہاں جہاں سے ’بھارت جوڑو یاترا‘ اور ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ گزری، وہاں پر کانگریس کے ووٹ فیصد اور سیٹوں میں اضافہ ہوا۔ منی پور، جہاں سے نیائے یاترا شروع ہوئی، وہاں ہم نے دونوں سیٹیں جیتیں۔ ناگالینڈ، آسام، میگھالیہ جیسی شمال مشرق کی کئی ریاستوں میں ہمیں سیٹیں ملیں۔ مہاراشٹر میں ہم سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے۔ ملک بھر میں کانگریس پارٹی کو جمہوریت و آئین بچانے کیلئے لوگوں کی زبردست حمایت ملی۔ کھرگے نے خاص طور پر کانگریس لیڈران اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گزشتہ کچھ مہینوں سے سخت محنت کی اور پارٹی کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ 
  کھرگے نے کہا’’ میں سونیا گاندھی جی کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا، جنھوں نے انتخاب کی تیاریوں، اتحاد کی میٹنگوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنے طویل تجربات کی بنیاد پر ہم سب کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا’’ میں پرینکا (گاندھی) جی کو خاص طور سے مبارکباد دینا چاہوں گا جنھوں نے امیٹھی اور رائے بریلی کیساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی زوردار انتخابی تشہیر کی۔ میں کانگریس کے اپنے سبھی سینئر ساتھیوں کا شکریہ ادا کروں گا جنھوں نے ایک ٹیم کی طرح کام کیا۔ یہ ہماری اجتماعی کوششوں کا ہی اثر تھا کہ ملک بھر میں ہمارے کارکنان نے بی جے پی کی آمریت کو ختم کرکے رکھ دیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK