• Thu, 30 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ اگرآئین صحیح طریقےسے نافذ کیاگیا ہوتاتو ہندوستان امریکہ سے بھی آگے ہوتا ‘‘

Updated: January 25, 2025, 6:07 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

’آئین سب کیلئے ‘عنوان پرایم پی جے کی مہم ختم ۔پروفیسر رام پنیانی نے کہا: اگر معاشرے میں اخوت نہ ہو تو مساوات اور انصاف محض الفاظ بن کر رہ جائیں گے

Former Nirmala Niketan College professor Prabha Tirre (at the microphone) while other speakers are seen on stage.
نرملا نکیتن کالج کی سابق پروفیسر پربھا تیررے (مائیک پر)جبکہ دیگر مقررین اسٹیج پرنظرآرہے ہیں۔

’’اگرآئین صحیح طریقے سے نافذ کیاگیا ہوتاتو آج ہندوستان امریکہ سے بھی آگے ہوتا۔ ‘‘جیا بنسوڈے نےدادر میں منعقدہ اجلاس عام کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے مذکورہ بالا اظہارِ خیال کیا۔ ’ آئین سب کے لئے ‘ عنوان پرموومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے )کے ذریعے مہم چلائی گئی تھی جو جمعرات کی شب میں داد ر میں منعقدہ اجلاسِ عام پرختم ہوئی۔ 
۲۶؍نومبرسے ریاست گیر سطح پرشروع کردہ اس مہم کا مقصد یہ بتایا گیا کہ اس کے ذریعے شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں کو اس سے آگاہ کرانا، آئین کی اہمیت سمجھانا اور اسے زندگی میں اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔ مقررین نے آئین کی اہمیت اور اس کی دفعات کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیاتاکہ آئینی حقوق حاصل ہوں۔ دریں اثناء ایک ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا گیا۔ اس میں فن اور ثقافت کے ذریعے آئینی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: گوونڈی: شتابدی اسپتال میں سہولیات کی کمی کیخلاف بھوک ہڑتال

پروفیسر ڈاکٹر رام پنیانی نے اپنےخطاب میں کہا کہ’’ مساوات، آزادی، انصاف اور اخوت و بھائی چارا ایک دوسرے سےمربوط ہیں۔ اگر معاشرے میں اخوت نہ ہو تو مساوات اور انصاف محض الفاظ بن کر رہ جائیں گے۔ ‘‘جیا بَنسوڈے نے آئینی اقدار پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اوریہ واضح کیا کہ یہ ہم سب کی مجموعی ذمہ داری ہے، فرد واحد کا یا کسی ایک تنظیم کا کام نہیں۔ ‘‘
اسٹوڈنٹس لیڈر عامر قاضی نے اس تعلق سے خاص طور پرمیثاقِ مدینہ کا ذکر کیا۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ معاہدہ شہریوں کے درمیان مساوات، انصاف، آزادی اور اخوت کی پہلی تحریری ضمانت تھا۔ اس سے ہم سب کو سبق لینے کی ضرورت ہے۔ ‘‘نرملا نکیتن کالج کی سابق پروفیسر پربھا تیررے نے سول سوسائٹی کی ذمہ داری پر روشنی ڈالی اورکہاکہ ’’اخوت وبھائی چارےکو فروغ دینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ‘‘ آئین کی معلومات رکھنے والے سریش ساونت نے کہا کہ’’ مختلف مذاہب اور ذات برادریوں سے تعلق رکھنے والوں کو آئین کا احترام کرتے ہوئے اخوت کے اصولوں کو اپنانا چاہئے تاکہ آئین کی روشنی میں ہر شخص باوقار زندگی گزار سکے۔ ‘‘ایم پی جے مہاراشٹر کے صدر محمد سراج نے آئین کی تمہید کو سمجھنے اور اسے زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ’’ اخوت کے بغیر مساوات اور انصاف کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ اس حوالے سے پیغام رسانی میں یہ مہم کامیاب رہی۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK