• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مجرموں اور’ غداروں‘ کے گجرات بھاگنے پر تنقید

Updated: April 17, 2024, 9:12 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

سلمان کے گھرکے باہر فائرنگ کرکے ملزمین گجرات ہی کیوں بھاگ گئے؟ پریس کانفرنس میں ادھو ٹھاکرے کا سوال۔

Uddhav Thackeray speaking, accompanied by Arvind Sawant and Sanjay Raut. Photo: Inquilab, Aashish Raje
 ادھوٹھاکرے خطاب کرتےہوئے ، ا نکے ساتھ اروندساونت اور سنجے راؤت۔ تصویر: انقلاب، آ شیش راجے

مجرموں اور’ غداروں‘ کے گجرات  فرار ہونے پر ادھو ٹھاکرے نےتنقید کی ہے۔ یاد رہےکہ سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے ملزمین گجرات سے گرفتار کئے گئے ہیں۔اس پرادھو بالا صاحب ٹھاکرے (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے منگل کو دادر میں واقع شیو سینا بھون میں منعقد ہ پریس کانفرنس میں شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ’’  ایسی مجرمانہ سرگرمیاں انجام دینے والے گجرات ہی سے کیوں پکڑے جاتے ہیں ؟ سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزم گجرات فرار ہو گئے تھے اور وہیں سے پکڑے گئے،ہمارے ’غدار‘ گجرات بھاگ گئے تھے، گجرات سے منشیات فروش پکڑے جاتے ہیں۔  آخریہ ماجرہ کیاہے؟مجرم اور ’غدار‘ گجرات ہی کیوں بھاگ جاتے ہیں؟   اس طرح گجرات کو بدنام کیا جا رہا ہے لہٰذا گجرات کے لوگوں کو سوچنا چاہئے، اس طرح گجرات کی بدنامی ہو رہی ہے۔‘‘
’’ گجرات میں بھی بی جے پی کیخلاف مظاہرے ہو رہے ہیں‘‘ 
ادھو  ٹھاکرےنے  یہ بھی کہا کہ’’ اب گجرات میں بھی بی جے پی کیخلاف  مظاہرے ہو رہے ہیں لیکن اسے مودی میڈیا نہیں دکھارہا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اب گجرات سے بھی بی جےپی ’تڑی پار‘ ہو جائے گی۔‘‘اس موقع پر انہوں نے شیو سینا کا نیا گیت بھی لانچ کیا اور یقین دلایا کہ’’ جہاں جہاں سےبھی شیو سینا ( یو بی ٹی) کے امیدوار کھڑے ہوں گے ،عوام کی اکثریت ’مشعل‘ کو ووٹ دے گی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ میں ’وی وی پیٹ‘ کی پرچی کی گنتی پر زوردار بحث

گزشتہ روز بھی ادھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس میں مہاراشٹر کے امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ریاست پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے، صرف ووٹوں کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے سلمان  کے گھر کے باہر فائرنگ والے واقعہ کو شرمناک قرار دیا تھا۔‘‘ ادھو نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ’’جس طرح ویکیوم کلینر سبھی کوڑا کرکٹ کو کھینچ کر اپنے اندر جمع کر لیتا ہے اسی طرح  مودی کا ویکیوم کلینر سبھی بدعنوان لیڈروں کو بی جے پی   میں جمع کر رہا ہے۔‘‘ انہوںنے مزید کہاکہ’’ بی جےپی بدعنوان  لیڈروں کو اپوزیشن سے کھینچ کر اپوزیشن کو بدعنوان لیڈروںسے پاک کررہی ہے اور اس کیلئے مَیں  ان کا شکریہ ادا کرنا ہوں۔‘‘
جلد ہی مہاوکاس اگھاڑی کامنشور جاری کیا جائے گا
مہا وکاس اگھاڑی کے منشور سے متعلق پوچھنے پر ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ’’ قومی پارٹی کانگریس نے  قومی سطح کا اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ مہاراشٹر کی سطح پر مہاوکاس اگھاڑی کے تعلق سے ’ وچن نامہ‘ (منشور ) تیار کرنے کیلئے تینوں اہم  جماعتوں اور اتحادی جماعتوں کے لیڈرو ں سے تبادلۂ خیال کیاجارہا ہے ۔ ضرورت محسوس ہوئی تو مہاراشٹر کےچند اہم مدعے منشور میں شامل کئے جائیں گے  اور اتفاق رائے کےبعد جلد ہی مہا وکاس اگھاڑی کا منشور جاری کیاجائے گا اور مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جائے گی ۔‘‘
 ادھو ٹھاکرے نے پریس کانفرنس میں یقین دلایاکہ’’ مہا وکاس اگھاڑی مہاراشٹر کی سبھی ۴۸؍ سیٹوں پر فتح حاصل کرے گی۔‘‘
’’مہاراشٹر کے عوام غداروں کو نہیں بخشیں گے‘‘
 ٹکٹ نہ ملنے سے مہاو کاس اگھاڑی کی شیو سینا ، کانگریس اور این سی  پی میں بغاوت ہونے سے متعلق سوال پر ادھو نے کہا،’’  ہمیں امید  ہے کہ ملک سے آمریت کےخلاف جنگ میں سبھی پارٹیوں کےورکر اور لیڈر تعاون کریں گے اور بغاوت نہیں ہوگی  اور بد ان کا یہ بھی کہناتھا ، ’’ ہم نے دیکھا کہ راہل گاندھی کو کس طرح چیک کیا جارہا ہے؟ توقع ہے کہ وزیر اعظم  مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے سامان کی بھی اسی طرح جانچ کی جائے گی۔ وہ جو بھی چیز انتخابی مہم کیلئے استعمال کر رہے ہیں، ان کی بھی چھان بین ہونی چاہئے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK