شہر بھیونڈی کے اس سرکاری اسپتال میں ایک سال کے دوران ۲؍لاکھ ۳۹؍ ہزار مریضوں نے اپنا اعلاج کروایا۔
EPAPER
Updated: February 09, 2025, 1:04 PM IST | Mumabi
شہر بھیونڈی کے اس سرکاری اسپتال میں ایک سال کے دوران ۲؍لاکھ ۳۹؍ ہزار مریضوں نے اپنا اعلاج کروایا۔
اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال ہمیشہ ہی تنقیدوں کی زد پر رہتا ہے۔ ایک دور تھا کہ جب یہ اسپتال علاج معالجہ کے بجائے مریضوں کو دوسرے اسپتالوں میں ’ریفر‘ کرنے کے طور پر ’بدنام‘ تھا اور آج بھی اس حوالے سے اکثرلوگ اس اسپتال کا رخ کرنے سے کتراتے ہیں لیکن اسپتال کے جاری کردہ اعدادوشمار سے معلوم ہوا ہےکہ ا ب عوام کا اس اسپتال پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
اسپتال کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت کی مالی مدد اور طبی عملے کی محنت کے باعث اسپتال میں خدمات اور سہولتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کا ثبوت یہاں علاج کرانے والے مریضوں کی مسلسل بڑھتی تعداد ہے۔ اسپتال کے مطابق سال ۲۰۲۴ء میں ۲؍لاکھ ۳۹؍ہزار مریضوں نے اپنا علاج کرایا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اساتذہ کو اے آئی کی ٹریننگ دینے کے بعد کیرالا اپنا اے آئی انجن بنائے گا
اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مادھوی پاندھارے کے مطابق ۲۰۲۴ء میں ۲؍ لاکھ ۳۹؍ ہزار۴۱۲؍ مریضوں نے او پی ڈی میں رجسٹریشن کروا کر علاج کرایاہے ۔مریضوں کی یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے ۵۲؍ہزار ۲۱۶؍ زیادہ ہے ۔ ۲۰۲۴ء کے دوران۱۳؍ہزار ۶۳۲؍مریض اسپتال میں داخل کئے گئے تھے جن میں سے محض ایک ہزار ۹۴۹؍ مریضوں کوہی مزید علاج کیلئے تھانہ اور ممبئی ریفر کیا گیا۔ڈاکٹر مادھوی پاندھارے نے بتایا کہ پورے سال ایک لاکھ ۲۳؍ہزار۳۸۳؍ مریضوں کے خون کی جانچ کی گئی۔ ۴؍ہزار ۲۵۱؍مریضوں کاای سی جی کیا گیا ۔ ۹۱۰؍ مریضوں کاڈائیلیسس ، ۲؍ہزار ۳۶؍ خواتین کی سونوگرافی اور ۲؍ہزار ۶۸۸؍ مریضوں کی سی ٹی اسکین کیا گیا۔ اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ اندرا گاندھی میموریل سب ڈسٹرکٹ اسپتال پر صرف شہری نہیں بلکہ اطراف کے دیہی علاقوں کے مریض بھی انحصار کرتے ہیں۔ ممبئی ناسک قومی شاہراہ پر ہونے والے حادثات کے متاثرین کو فوری طبی امداد کیلئے اسی اسپتال میں لایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، واڈا تعلقہ سے سنگین حالت میں حاملہ خواتین کو اکثر تھانہ منتقل کیا جاتا ہے، مگر خواتین کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث بعض مواقع پر اہل خانہ ضد کرتے ہیں کہ انہیں آئی جی ایم میں داخل کیا جائے، جس کی وجہ سے بعض اوقات ہنگامہ بھی ہو جاتا ہے۔
اس مدت میں ۴۱۸؍خواتین کی ڈیلیوری آپریشن کے ذریعہ کرائی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر اور اس کے گردونواح میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔اس اسپتال میں سال گزشتہ کتوں کے کاٹنے سے ۱۱؍ ہزار۲۱۱؍ ،سانپ کے کاٹنے کے ۳۶۳؍اور بچھو کے کاٹنے کے ۱۲۸؍کیس آئے جس میںمتاثرین کا کامیاب علاج کیاگیا ۔