پڈوچیری میں بارش کا۳۰؍ سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، تمل ناڈو کے کئی اضلاع متاثر ، ۴؍ افراد کی موت ،گھروں اور اسپتالوں میں پانی داخل، آندھرا پردیش میں بھی بارش۔
EPAPER
Updated: December 02, 2024, 11:10 AM IST | Agency | Chennai / Hyderabad
پڈوچیری میں بارش کا۳۰؍ سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، تمل ناڈو کے کئی اضلاع متاثر ، ۴؍ افراد کی موت ،گھروں اور اسپتالوں میں پانی داخل، آندھرا پردیش میں بھی بارش۔
بحری طوفان ’فینگل‘ کےتمل ناڈوکے ساحلوں پر کرائیکل اور مہابلی پورم کے درمیان ٹکرانے کا عمل مکمل ہو گیا جس کے نتیجے میں تمل ناڈو اور پڈوچیری میں شدید بارش ہوئی۔ طوفان اب بتدریج کمزور پڑرہا ہے لیکن چنئی میں اب بھی سیلابی صورتحال ہے۔ فینگل ساحل کو عبور کرنے کے بعد خلیج پر مستحکم بنا ہوا ہے اور اس کے بتدریج کمزور ہونے کا امکان ہے لیکن اس کی وجہ سے ویلوپورم اور پڈوچیری میں ۵۰؍ سینٹی میٹر تک بھاری بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج بنگال میں سمندری طوفان فینگل ساحل کو عبور کرنے کے باوجود عملی طور پر ساکن ر ہا اور دھیرے دھیرے کمزور ہو گا۔ اس دوران ۵۰؍سینٹی میٹر تک کی شدید بارش نے ویلوپورم اور پڈوچیری میں تباہی مچا دی ہے۔ بارش سے متعلقہ حادثات میں ۴؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔ طوفان کے سبب پڈوچیری میں شدید بارش ہوئی اور ۳۰؍سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اتوار کو چنئی میں ماسٹر کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا اور طوفان سے متاثرہ اضلاع میں امدادی کار روائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مرکزی حکومت سے بارش سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کیلئے ایک ٹیم مقرر کرنے کی درخواست کی ہے۔ اسٹالن نے کہا کہ ویلو پورم میں شدید بارش ہوئی ہے اور نائب وزیر اعلیٰ ادے ندھی اسٹالن کو امدادی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے ضلع میں تعینات کیا گیا ہے اور وہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئےمتاثرہ اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔ اتوار کو انہوں نے ویلوپورم کا دورہ کیا اورمتاثرین میں امداد تقسیم کی۔ طوفان فینگل شمالی ساحلی تمل ناڈو اور پڈوچیری پر گزشتہ ۶؍ گھنٹے ساکن رہا۔ موسمیاتی دفتر نے بتایا کہ یہ پڈوچیری کے قریب ۴۰؍ کلومیٹر کے قریب ویلو پورم کے شمال سے دور ہے اور چنئی کے جنوب مغرب میں ۱۲۰؍ کلومیٹر پر واقع ہے۔
گردابی طوفان `فینگل کے سبب تمل ناڈو اور پڈوچیری میں شدید بارش ہو ئی۔ بارش کے سبب راجدھانی چنئی میں تو سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے اورہوائی اڈے کو بھی بند کرنا پڑا ہے۔ اس طوفان کے سبب ایک شخص کی موت کی بھی اطلاع ہے۔
شہر میں کئی اسپتالوں اور گھروں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ تمل ناڈو کے کئی ضلعوں میں اسکول اور کالج بند کر دیئے گئے ہیں اور سیکڑوں افراد محفوظ پناہ گاہوں میں چلے گئے ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام پڈوچیری میں نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے باشندوں کو طوفان کیلئے تیار رہنے کیلئے آگاہ کرتے ہوئے ایس ایم ایس الرٹ بھیجا ہے۔
چنئی ہوائی اڈے پر پانی بھر جانے کے سبب کئی پروازیں رد ہونے سے سیکڑوں مسافر متاثر ہوئے۔ ہوائی اڈے پر آمد و رفت اتوار صبح ۴؍ بجے تک معطل رہی۔ حیدر آباد میں بھی کم سے کم۲۰؍ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اس دوران طوفان فینگل کے زیر اثر آندھرا پردیش کے کئی مقامات پر بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو انامیا ضلع ریلوے کڈور حلقہ میں موسلادھار بارش ہوئی۔ ریلوے کڈور، اوبولاوری پلی، پلم پیٹ اور پیناگلور منڈلوں کے نشیبی علاقے بارش کی وجہ سے زیر آب آگئے۔ ریلوے کڈور کے قریب گنجنا دریامیں پانی کے بہاؤ میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔ دریا میں اونچی لہریں دیکھی جارہی ہیں۔ عہدیداروں نے مقامی افراد کو محتاط رہنے کو کہا ہے۔ کسانوں کو خدشہ ہے کہ دو روز سے جاری بارش سے باغبانی کی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔ ریلوے کڈور حلقہ میں پپیتے، کیلے اور آم کے زیادہ باغات ہیں۔ طوفان کے اثر کی وجہ سے ضلع نیلور میں نصف شب سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس کے باعث کئی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے بیشتر مقامات پرٹریفک میں شدید خلل پڑا۔ کرشنا پٹنم میں خطرے کا الرٹ نمبر۶؍ جاری کیا گیا ہے۔ طوفان کے اثر سے کسانوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ کرشنا ضلع میں بارش کی وجہ سے سڑکوں کے کنارے سوکھے اناج کے ڈھیر بھیگ گئے۔
خلیج بنگال سے اوپر اٹھا گردابی طوفان `فینگل تمل ناڈو-پڈوچیری ساحل کو پوری طرح پار کر چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بنگال کے جنوب - مغربی میں `فینگل طوفان گزشتہ ۶؍ گھنٹوں کے دوران ۱۰؍ کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے مغرب - جنوب-مغرب کی طرف بڑھ گیا اور سنیچر کی رات ساڑھے ۹؍ بجے خلیج بنگال کے جنوب مغرب میں شمالی تمل ناڈو کے ساحلوں کے قریب اور مہابلی پورم کے جنوب مغرب میں اور چنئی کے جنوب مغرب سے۳۰؍ کلومیٹر شمال مشرق میں مرکوز تھا۔