اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ، کے احتجاجی جلسے میں’’اڈانی مودی بھائی بھائی دیش بیچ کے کھائی ملائی ۔جو سرکار نکمی ہے وہ سرکار بدلنی ہے‘‘ کے نعرے بلند۔
EPAPER
Updated: August 26, 2024, 1:16 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ، کے احتجاجی جلسے میں’’اڈانی مودی بھائی بھائی دیش بیچ کے کھائی ملائی ۔جو سرکار نکمی ہے وہ سرکار بدلنی ہے‘‘ کے نعرے بلند۔
اڈانی ہٹاؤ دھاراوی بچاؤ آندولن کے زیر اہتمام اتوار کی شام کو دھاراوی ٹرانزٹ کیمپ، دھوبی گھاٹ علاقے میں احتجاجی اجلاس عام کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں بارش کے باوجود بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی اور ’’مودی اڈانی بھائی بھائی دیش بیچ کے کھائی ملائی اور جو سرکار نکمی ہے وہ سرکار بدلنی ہے‘‘ کے نعرے بلند کئے۔ رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ نے اپنے خطاب میں دھاراوی واسیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے سڑک سے سنسد تک لڑنے کاعزم کیا اور دھاراوی واسیوں کے حقوق کی ہرحال میں حفاظت، اڈانی کے ذریعے کرائے جانے والے سروے کی مخالفت اور تمام دھاراوی واسیوں کو روزی روٹی اور مکان دلانے کا عہد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اصولوں کو طاق پر رکھ کر اڈانی کو ٹھیکہ دیا گیا ہے اور دھاراوی کے نام پر ممبئی میں کئی جگہ ان کو زمینیں دی گئی ہیں، اس کی بھی مخالفت کی جائے گی۔ اسی کے ساتھ سروے روکنے کے لئے اگر ضرورت پڑی تو میں خود سڑک پر اتروں گی کیونکہ سروے کو ہرحال میں روکنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کیرالا: جمعیت کا وائناڈ لینڈ سلائڈ متاثرین کیلئے ’جمعیۃ ولیج‘ بنانے کا اعلان
ورشا گائیکواڑ نے بجلی کے الیکٹرانک میٹر لگانے کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ یہ میٹر نہیں لگنے دیا جائے گا۔ اس موقع آندولن کے ذمہ داران اورمختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ الیش گاجا کوش، سامیا کورڈے، جاوید احمد، انیل کسارے اور پال رافیل وغیرہ بھی اسٹیج پر موجود تھے، ان سب نے آندولن مزید تیز کرنے کی تجویز کی ہاتھ بلند کرکے تائید کی۔ ایڈوکیٹ راجو کورڈے نے کہا کہ ملنڈ، کرلا یا ممبئی میں الگ الگ جگہوں پر اڈانی کو جو زمینیں دی گئی ہیں اس میں دھاراوی واسیوں کو بھگانے اور ان کو بے گھر کرنے کی سازش ہے۔ سابق رکن اسمبلی بابو راؤ مانے نے کہا کہ ادھو جی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ہماری سرکار آنے کے بعد اڈانی کا ٹھیکہ رد کیا جائے گا اور ہر دھاراوی واسی کو۵۰۰؍ اسکوائر فٹ کا مفت مکان دیا جائے گا۔ اس میں قانونی اور غیر قانونی کے نام پر کوئی تفریق نہیں کی جائے گی، شیوسینا اپنے وعدے پر اٹل ہے۔ نصیرالحق نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔