Inquilab Logo Happiest Places to Work

حضرت صوفی خواجہ شیخ عالمگیر شاہ قادری الچشتی المعروف سلامتی پیر کا ۱۳؍ واں عرس

Updated: March 22, 2025, 12:41 PM IST | Pune

حضرت سلامتی پیر درگاہ کے سجادہ نشین اوربی جے پی لیڈر حاجی عرفات شیخ،انجمن اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی، فلم اداکار رضامراد، شہزاد خان، گولڈن برادرز اور دیگر نے شرکت کی۔

Arafat Sheikh and other guests offering a garland of flowers at the shrine of Hazrat Salamat Pir. Photo: INN
حضرت سلامتی پیر کے آستانے پر پھولوں کی چادر پیش کرتے ہوئے عرفات شیخ اور دیگر مہمانان۔ تصویر: آئی این این

حضرت صوفی خواجہ شیخ عالمگیر شاہ قادری الچشتی المعروف سلامتی پیرؒ  کا تیرہواں سالانہ عرس دیہو روڈ، میں انتہائی تزک و احتشام سے منایا گیا۔  ہر سال کی طرح اس سال بھی سولہویں روزے کو صبح کے وقت صندل شریف اور قل شریف کی پاک رسم ادا کی گئی۔ بعدازیں حضرت سلامتی پیر درگاہ کے سجادہ نشین اوربی جے پی لیڈر حاجی عرفات شیخ، کے ساتھ  کثیر تعداد میں موجود پیران عظام و مریدین اور عقیدت مندوں نے جھنڈا لہرایا اور دعائیں کیں۔اس موقع پر آپ کے آستانہ عالیہ میں حمد، نعت و منقبت کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔  اس عرس  میں انجمن اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیر قاضی، فلم اداکار رضا مراد، شہزاد خان، گولڈن برادرز، پیران عظام و مریدین، علماء کرام و عقیدتمندوں کا ایک سیلاب امڈ پڑا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: سالگرہ مبارک: فریحہ زماں نے تیراکی کے مختلف انداز میں شہرت حاصل کی

اس موقع پر حاجی عرفات شیخ  نے سلامتی پیر کی درگاہ میں عقیدت کی چادر پیش کی۔  ڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہا کہ حضرت سلامتی پیر کے عرس   میں شرکت کر کے مجھے  بہت مسرت ہو رہی ہے، آپ ایک عظیم روحانی رہنما تھے۔  ڈاکٹر ظہیر قاضی نے  یہاں اظہارخیال کرتے ہوئے حاجی عرفات کی ستائش کی اور کہا کہ قوم کا یہ لائق بیٹا ہمیشہ غریب اور ضرورت مند افراد کے لئے بر سر پیکار رہتا ہے ۔ فلم اداکار شہزاد خان نے  کہا کہ’’ حضرت سلامتی پیر ایک عظیم روحانی شخصیت تھے،میںنے  اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ آپ عشا سے فجر کی نماز تک مصلے پر رہتے تھے اور دین کی دعوت میں مصروف رہتے۔‘‘ 
پونے میں گولڈن برادرز کے نام سے مشہور بھائیوں نے سبھی لوگوں کو رمضان اور حضرت سلامتی پیر کے عرس کی مبارکباد پیش کی اور  کہا کہ ہم بلا ناغہ اس درگاہ میں آتے ہیں اور سلامی پیش کرتے ہیں۔درگاہ کے سجادہ نشین حاجی عرفات شیخ نے عرس پاک میں آنے والے علماء کرام، بزرگان دین، پیر و مریدین، سیاسی، سماجی و فلمی شخصیات کو تیرہویں سالانہ عرس پاک کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم حضرت مخملی پیر، پیر عادل پیر، ترقی پیر اور سبھی بزرگان دین کی رہنمائی میں صوفی ازم کے فروغ کا کام کر رہے ہیں  پہلے یہ کام خانقاہوں سے ہوتا تھا لیکن اب یہ کام ہمارے جیسے خادم اپنے پیر و مرشد کی سربراہی میں بڑے بڑے پلیٹ فارم سے کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ ہم غوث پاک اور حضرت خواجہ غریب نواز کے چاہنے والے ہیں جنہوں نے اپنے اخلاق حسنہ سے ہمارے ملک میں مذہب اسلام کی بے پناہ ترویج کی اور  کروڑوں افراد کودامن اسلام سے وابستہ کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ’’ وزیر اعظم نریندر مودی صوفی تعلیم کے مداح ہیں اور وہ اس کو  فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم نے ممبئی میں  صوفی بھون کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ماہ رمضان کے بعد ایک اہم میٹنگ ہوگی جس میں ہمیں امید ہے کہ مثبت نتائج منظر عام پر آئیں گے۔‘‘
عرس میں شرکت کرنے والے افراد کے لئے درگاہ کے سجادہ نشین حاجی عرفات شیخ کی جانب سے  افطار اور اس کے بعد عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ آپ کا عرس پاک حسب روایت انتہائی پر امن طریقے سے اختتام پزیر ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK