• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آسام میں بارش اورسیلاب سے تباہی

Updated: July 08, 2024, 2:36 PM IST | Agency | New Delhi

گزشتہ ایک ماہ کے دوران سیلاب کے نتیجے میں۷۴؍ افراد ہلاک ہو ئے ہیں جبکہ تقریبا ً۲۴؍ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

A view of a camp in Assam`s flood-hit Nagaon district. Photo: PTI
آسام کے سیلاب متاثر ضلع ناگاؤں کے ایک کیمپ کا منظر۔ تصویر :  پی ٹی آئی

گزشتہ ایک ماہ سے آسام میں بارش اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جس کے نتیجے میں۷۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ۳۰؍ اضلاع میں تقریباً۲۴؍ لاکھ افراد متاثر ہوئےہیں۔ اسی دوران کانگریس نےحکومت سے سیلاب متاثرین کی بڑےپیمانےپر مدد کی اپیل کی ہے۔ 
آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (اے ایس ڈی ایم اے) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ریاست میں سیلاب کی وجہ سے۷۴؍ افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ تقریباً۲۴؍ لاکھ سے زائدافراد متاثر ہوئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سیلاب کی وجہ سے جانوروں کی بھی اموات ہو رہی ہیں جن میں  گھریلومویشیوں کے ساتھ ساتھ پارکوں کے جانور بھی شامل ہیں  ۔ ریاست میں ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ برہم پتر اور۹؍ دیگر ندیوں کی سطح آب نماتی گھاٹ، تیز پور، ڈھبری اور گول پارہ میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جبکہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسواشرما نے کہا کہ دریاؤں کے پانی کی سطح آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔ سیلاب کی وجہ سے ریاست کے۲۷؍ اضلاع میں ۵۷۷؍ ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ اس وقت۵؍ لاکھ ۲۶؍ ہزارسے زیادہ افراد ریلیف کیمپوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ خوراک اور دیگر امداد کیلئے تقسیم کے مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے۳؍ ہزار ۵۳۵؍ دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ ۶۸؍ ہزار۷۶۸ء۵؍ہیکٹر فصل بھی ڈوب گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:سید عارف کے قاتلوں کیخلاف کارروائی کیلئے جن آکروش مورچہ

اے ایس ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سنیچر کو چرائی دیو ضلع میں دو افراد سیلاب میں ڈوب گئے۔ گول پاڑہ میں ایک جبکہ موری گاؤں، سونیت پور اور تنسوکیا اضلاع میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔ ڈھبری ضلع سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس کے بعد کچھار اور درانگ ہیں۔ سیلاب کی اس دوسری لہر سے۲۹؍ اضلاع میں ۲۳؍ لاکھ ۹۶؍ ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 
  دوسری جانب کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے آسام میں سیلاب کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس لیڈروں اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے راحت اور بچاؤ کے کاموں میں سرگرمی سے حصہ لیں۔ اس کے ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے بھی متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی اپیل کی۔ پرینکا گاندھی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’آسام میں سیلاب کی وجہ سے بڑی تعداد میں اموات کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے لاکھوں لوگ ریلیف کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔ کازرنگا میں بڑی تعداد میں جانور بھی مارے گئے ہیں اور کئی زخمی ہیں۔ آسام کے لوگوں سے ہم تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ میں کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ راحت اور بچاؤ کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ریاستی اور مرکزی حکومتوں سے میری اپیل ہے کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔ ‘‘
 اس سے قبل اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بھی آسام میں تباہ کن سیلاب پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’آسام میں سیلاب کی صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ میری ہمدردیاں سیلاب سے نبرد آزما اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہیں۔ سوگوار خاندانوں سے میری گہری تعزیت۔ میں کانگریس لیڈروں اور کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مدد کریں۔ ‘‘ 
 راہل گاندھی نے مزید لکھا، ’’میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ متاثرین کو تیزی سے ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK