اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام اضلاع کی تمام سڑکیں۱۵؍ دنوں کے اندر گڑھے سے پاک ہو جائیں۔
EPAPER
Updated: April 08, 2025, 11:06 AM IST | Dehradun
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام اضلاع کی تمام سڑکیں۱۵؍ دنوں کے اندر گڑھے سے پاک ہو جائیں۔
’’تمام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ( ڈی ایم) اپنے اضلاع میں عوامی خدمات کی فراہمی، سڑکوں کو گڑھوں سے پاک بنانے، پینے کے پانی کی فراہمی کو برقرار رکھنے اور جنگلات کی آگ پر موثر طریقے سے قابو پانے پر خصوصی توجہ دیں۔‘‘
یہ ہدایات پیر کو اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اپنی رہائش گاہ سے تمام ضلعی عہدیداروں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں دیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی جائے۔ اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی باقاعدگی سے سیمپلنگ کی جائے۔ ندی نالوں کی نکاسی اور نالوں کی صفائی کا کام بارش سے قبل مکمل کیا جائے۔ عوامی شکایات کے فوری حل کے لئے باقاعدگی سے جنتا دربار، تحصیل دیوس اور بی ڈی سی اجلاس منعقد کئے جائیں اور بلاک سطح پر باقاعدہ کثیر المقاصد کیمپ لگائے جائیں۔ جنگل کی آگ پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کے لئے ردعمل کا وقت کم سے کم کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آئندہ چار دھام یاترا کے پیش نظر تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ سفری راستے سے جڑے تمام اضلاع میں کنٹرول رومز کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔ یاترا کے دوران یاتریوں کے لئے منظم ٹریفک پلان اور بنیادی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ باقاعدگی سے راستوں کا سائٹ پر معائنہ کریں۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام اضلاع کی تمام سڑکیں۱۵؍ دنوں کے اندر گڑھے سے پاک ہو جائیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اپنے اضلاع کے اہم مسائل کی نشاندہی کریں اور ان کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کی ایک ٹیم تشکیل دیں اور مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کو یقینی بنائیں۔
دھامی نے ضلع مجسٹریٹس کو ہدایت دی کہ وہ ۳؍ سال سے زائد عرصے سے ایک ہی جگہ پر تعینات اہلکاروں کے تبادلے کیلئے فوری کارروائی کریں۔ موسم گرما کے پیش نظر اضلاع میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کئے جائیں۔ ضرورت پڑنے پر پینے کے پانی کے ٹینکرز کا مکمل انتظام کیا جائے۔ ہموار بجلی کی سپلائی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام انتظامات کو پہلے سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کا بھرپور فائدہ پہنچانے کو یقینی بنانے کے لئے اسکیموں کی بڑے پیمانے پر تشہیر کے ساتھ ساتھ تمام اہل افراد کو اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جائے۔