• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’دلیپ کمار کی علماء سے محبت اور ان کی انسانیت نوازی ہمیشہ یاد‌آتی رہے گی‘‘

Updated: July 08, 2024, 12:15 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Bandra

تیسری برسی پر ایصال ثواب کیلئے ان کے بنگلے پر قرآن خوانی کا اہتمام ۔ بنگلہ پرامامت کرنے والے مولانا طارق نے مختصر اظہار خیال بھی کیا۔

A scene of reciting Quran at Dilip Kumar`s bungalow. Image: Revolution
دلیپ کمار کے بنگلہ پرقرآن خوانی کا منظر۔ تصویر:انقلاب

شہنشاہ جذبات یوسف خان عرف دلیپ کمار کی اتوار ۷؍ جولائی کو تیسری برسی پر ایصال ثواب کیلئے ان کے بنگلے پر قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ قرآن خوانی میں مولانا محمد طارق حیاتی مرادآبادی، مولانا محمد لقمان قاسمی، مولانا محمد ہارون، قاری محمد شاکر، حافظ محبوب، حافظ وسیم اور مولانا جسیم کے ساتھ جامعہ تحفیظ القرآن(مالونی) کے طلبہ شریک ہوئے۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے سے مغرب سے قبل تک قرآن خوانی کی گئی اور اس کے بعد دعا کرائی گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ڈومبیولی : کیمیکل کمپنی میں آتشزدگی، کوئی جانی نقصان نہیں 

تقریباً ۲۰؍ برس تک دلیپ کمار کے بنگلہ پر نماز کی امامت کرنے والے مولانا محمد طارق مرادآبادی نے دلیپ کمار کے محاسن اور ان کی خوبیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ دلیپ صاحب بھلے فلمی دنیا سے وابستہ رہے ہوں لیکن ان کی خداترسی قابل دید تھی، وہ دعا بڑی عاجزی سے مانگتے تھے اور قرآن کریم کی تلاوت اکثر ترجمے سے کیا کرتے تھے، وہ علماء سے خاص تعلق رکھتے تھے اور اپنے طور پر ان کی خیریت معلوم کرنے کے ساتھ ان کی خبرگیری بھی کرتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دلیپ صاحب کا نام آتے ہی ایک بھاری بھرکم کامیاب شخصیت کا گمان ہوتا ہے اور یہ سچائی ہے کہ خدا نے ان کو نوازا تھا لیکن جب ان سے کوئی شخص ملنے آتا یا کسی ضرورت کا اظہار کرتا تو وہ بڑی محبت اور اپنائیت سے اس سے ملتے اور انسانیت نوازی کا ثبوت دیتے۔ مولانا‌ طارق کے مطابق میں ‌ نے دیکھا کہ بسا اوقات وہ آخرت کے تعلق سے سوال کرتے اور پھر گہری سوچ میں ڈوب جاتے۔ اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے۔ واضح رہے کہ مرحوم یوسف خان عرف دلیپ کمار کے بنگلہ پرصرف مغرب کی نماز باجماعت ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK