• Thu, 12 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وسئی سن سٹی میں قبرستان کے پلاٹ پر ہیلی پیڈ بنانے سے ناراضگی

Updated: May 13, 2024, 10:34 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

پولیس کمشنر سے شکایت۔ آگے کی کارروائی کیلئے صلاح ومشورہ۔ وقتی طور پر کام روکا گیا۔ مقامی ذمہ داران کا سوال: قبرستان کا پلاٹ ہی کیوں کھٹک رہا ہے؟

A helipad is being developed on the plot of Vasai Sun City Cemetery, which is causing resentment among the citizens. Photo: INN
وسئی سن سٹی قبرستان کے پلاٹ پر ہیلی پیڈ تیار کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ تصویر : آئی این این

سن سٹی (وسئی ) میں قبرستان کے پلاٹ پر خطیر رقم خرچ کرکے چہار دیواری مکمل ہو چکی ہے۔ حالانکہ یہاں ` پر ہیلی پیڈ بنانے سے لوگوں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ان کا سوال ہے کہ سن سٹی میں سیکڑوں ایکڑ خالی زمینیں ہیں مگر جان بوجھ کر قبرستان کے پلاٹ پر ہیلی پیڈ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے ساتھ قانون کا بھی کھلے طور مذاق اڑایا جارہا ہے۔ 
 بتایا جارہا ہے کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کیلئے یہ ہیلی پیڈ بنایا جارہا ہے۔ اس کے خلاف پولیس کمشنر سے آن لائن شکایت کی گئی اور کچھ ذمہ داران پلاٹ پر بھی پہنچے، اس سے وقتی طور پر کام روک دیا گیا‌ہے۔ 
  یہ سبھی مذاہب (سرودھرم دفن بھومی) کیلئے قبرستان کا پلاٹ ریزرو کیا گیا ہے۔ اس میں مسلم، عیسائی اور لنگایت وغیرہ کیلئے جگہ مختص ہے۔ شیوسینا کی جانب سے ایک سال قبل ‌اس کی مخالفت کے سبب اس کا بقیہ کام مارچ ۲۰۲۳ءمیں وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن نے یہ کہہ کر رکوادیا دیا تھا کہ فیصلہ آنے کے بعد کام آگے بڑھایا جائے گا جبکہ کچھ لوگوں نے اس میں سیاست کرنے اور ہندو مسلم دونوں کو ورغلانے کا الزام لگایا تھا۔ اب معاملہ گرین ٹریبونل میں زیر سماعت ہے۔ اس کے علاوہ شرپسندوں نے قبرستان کی چہار دیواری کی تعمیر کے وقت غنڈہ گردی کی تھی ‌اور گزشتہ سال سکل ہندو سماج کی جانب سے فروری میں مورچہ نکال کر مسلمانوں کے خلاف حددرجہ اشتعال انگیزی کی تھی۔ دوسری جانب یہاں کئی ایکڑ دوسری زمینات خالی رہنے کے باوجود یہاں اس طرح کا تماشہ کرنے سے لوگ ناراض ہیں۔ اطلاع کے مطابق پال گھر علاقے میں کل امیت شاہ کی اور منگل کو ادھوٹھاکرے کی اور دوسرے لیڈران کی ریلیاں ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: صد فیصد ووٹنگ یقینی بنانے کیلئے شہر ومضافات میں میٹنگوں کا انعقاد

آخر قبرستان کا پلاٹ ہی کیوں نظرآیا؟
 اس سلسلے میں شروع سے پیش پیش رہنے والے بہوجن وکاس اگھاڑی سے وابستہ فضل حق عرف فجو نے نمائندہ ٔانقلاب کو بتایا کہ جان بوجھ کر مسلمانوں کو پریشان کرنے اور انہیں مشتعل کرنے کے لئے پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے یہ حرکت کی گئی ہے۔ ہم لوگوں کو علم‌ ہونے کے بعد پولیس کمشنر سے آن لائن شکایت کی گئی، ویڈیو بناکر وائرل کیا گیا، اس سے کام رک گیا ہے مگر ہم لوگ آگے کی تیاری کیلئے صلاح ومشورہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک تو قبرستان میں ایک میت دفن ہے اور دوسرے یہ معاملہ گرین ٹریبونل (پونے ) میں زیر سماعت ہے، فیصلہ آنا باقی ہے پھر بھی اسی پلاٹ پر یہ حرکت کی گئی ہے۔ اس سے لوگ ناراض ہیں اور وہ سخت کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں اور وہ یہ پوچھ رہے ہیں کہ آخر یہی پلاٹ ہیلی پیڈ بنانے کیلئے کیوں کھٹک رہا ہے۔ 
 محمد عثمان نے کہا کہ یہ زیادتی اور من‌ مانی ہے۔ سوال یہ ہے کہ قبرستان کیلئے ریزرو پلاٹ پر خواہ امیت شاہ ہوں یا اور کوئی لیڈر، ہیلی پیڈ بنانے کی اجازت کس بنیاد پر دی گئی۔ ہم لوگ طویل وقت سے لڑرہے ہیں اور آئندہ بھی کارروائی کے لئے کوشش جاری رکھیں گے۔ 
 اخلاق احمد نے کہا کہ جان بوجھ کر کسی نہ کسی انداز میں قبرستان کے پلاٹ پر رخنہ اندازی کی جاتی ہے اور مسلمانوں کو تکلیف دی جاتی ہے۔ اس‌ پلاٹ کا معاملہ گرین ٹریبونل میں ہے، جب تک کوئی فیصلہ نہ آجائے اس کی اصل حالت قائم رکھی جانی چاہئے۔ اس پلاٹ کو قبرستان کیلئے ریزرو کیا گیا اور خطیر رقم صرف کرکے وسئی ویرار کارپوریشن نے خود ہی باؤنڈری کرائی ہے۔ اس لئے انتظامیہ ایسے نااہل افسران کے خلاف سخت ایکشن لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مانک پور پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر مانے نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنا پولیس کا کام ہے، اس پر نگاہ رکھی جارہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK